• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کو نیوٹن کے قریب دفنایا جائیگا

معروف سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کو نیوٹن کے قریب دفنایا جائیگا

کراچی (نیوز ڈیسک) معروف سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کی تدفین کی بجائے ان کے جسد خاکی کو جلایا جائے گا اور راکھ برطانیہ کے انتہائی قدیم اور مقدس سمجھے جانے والے گرجا گھر ’’ویسٹ منسٹر ایبی‘‘ میں دیگر معروف سائنسدانوں کی قبروں کے ساتھ دفنائی جائے گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیفن ہاکنگ کی راکھ معروف سائنسدان سر آئزک نیوٹن کی قبر کے قریب دفنائی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویسٹ منسٹر ایبی نے اعلان کیا ہے کہ راکھ کی تدفین کا عمل رواں سال تھینکس گیونگ کے تہوار کے موقع پر شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ سر آئزک نیوٹن کو 1727ء میں ویسٹ منسٹر ایبی میں دفن کیا گیا تھا۔ ارتقا کے معروف نظریے کے خالق چارلس ڈارون کو بھی ویسٹ منسٹر ایبی میں 1882ء میں دفنایا گیا تھا، ان کی قبر آئزک نیوٹن کے قریب ہی ہے۔ ویسٹ منسٹر ایبی میں یہ مخصوص چیمبر خاص طور پر معروف سائنسدانوں اور شخصیات کیلئے مقرر ہے۔ یہاں ایٹمی سائنسدان ارنیسٹ ردرفورڈ کو 1937ء جبکہ جوزف جان تھامسن کو 1940ء میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔ گرجا گھر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ہم اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں کہ سائنس اور مذہب مل کر زندگی اور کائناب کی عظیم گتھیوں اور سوالوں کو حل کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔‘‘ اسٹیفن ہاکنگ کے اہل خانہ نے اعلان کیا ہے کہ آخری رسومات کیمبرج میں ادا کی جائیں گی۔

تازہ ترین