پی ایس ایل تھری کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں شکست کے بعد کراچی کنگز کے غیر ملکی کرکٹرز اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے واپس اپنے ملک جانے والے کنگز کے 4 غیرملکی کھلاڑیوں میں روی بوپارا، ٹائمل ملز اور جو ڈینلیکا تعلق برطانیہ سے اور کولن انگرام کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے ۔
کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور میں پی ایس ایل انتظامات کی تعریف کی گئی اور انگلش کرکٹر ٹائمل ملز نے اگلے سال دوبارہ پاکستان آنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ٹائمل ملز نے کہا کہ پاکستان میں بہت اچھا وقت گزارا، پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ لاہور آیا جہاں بہت زبر دست ماحول تھا اور اب اگلے سال دوبارہ پاکستان آؤں گا۔
ملز نے مزید کہا کہ لاہور میں سیکیورٹی بہترین تھی اور ہمارا اچھا خیال رکھا گیا لیکن بدقسمتی ہے کہ ہم میچ نہیں جیت سکے۔
روی بوپارا کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پشاور زلمی سے شکست ہوئی اور فائنل کھیلنے کی خواہش پوری نہ ہوسکی تاہم کراؤڈ نے زبردست ماحول بنادیا تھا اور پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات بھی بہترین تھے۔
انگلش کرکٹر جوڈینلی نے کہا کہ پاکستان میں بہت انجوائے کیا اور یہاں گزارا گیا وقت بہت اچھا تھا۔ کرکٹ سے متعلق یہاں کے لوگوں کا جوش و ولولہ قابل تحسین ہے۔
ساؤتھ افریقا سے تعلق رکھنے والے کولن انگرام کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا ایونٹ بہت شاندار رہا ۔ میں نے بہت انجوائے کیا اس کے علاوہ پاکستان میں کھیلنا بہت اچھا لگا ۔ انہوں نے بتایا کہ میں اگلے سال یہاں دوبارہ واپس آؤں کا ۔