• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر کمیشن کا سائٹ کراچی میں پانی کی چوری روکنے کا حکم

واٹر کمیشن کا سائٹ کراچی میں پانی کی چوری روکنے کا حکم

واٹر جوڈیشل کمیشن نے کراچی کے انڈسٹریل ایریا سائٹ کی آبادی کے پانی کی چوری روک کر بلدیہ ٹاؤن کی واٹر سپلائی لائن فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے اور سائٹ میں زیر زمین کھارے پانی کے استعمال کے تمام این او سی منسوخ کرنے کا بھی حکم جاری کردیا۔

واٹر کمیشن نے آج بلدیہ ٹاؤن سے رکن قومی اسمبلی کے ایس مجاہد بلوچ کی بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی عدم فراہمی کی درخواست کی سماعت کی۔

جس پر ریٹائرڈ جسٹس امیر ہانی مسلم نے واٹر بورڈ ایم ڈی، سائٹ ایسوسی ایشن اور دیگر کو طلب کیا۔

واٹر کمیشن نے سائٹ میں واٹر بورڈ کا پانی چوری کرکے بیچنے والی مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

واٹر جوڈیشل کمیشن کے معاون شہاب اوستو ایڈووکیٹ نے کمیشن کو بتایا کہ لیاری ندی سے زیر زمین پانی نہیں بلکہ واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کیا جا رہا ہے،یہ پانی سائٹ ایسوسی ایشن میں انڈسٹری کو فروخت کیا جاتا ہے اور واٹر بورڈ کے افسران ملوث ہیں، ان کے بغیر یہ چوری نہیں ہو سکتی۔

ریٹائرڈ جسٹس امیر ہانی مسلم نے واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر ایک ماہ گزرنے کے باوجود پانی کے میٹر نہ لگانے پر ایم ڈی واٹر بورڈ پر برہمی کا اظہار کیا۔

امیر ہانی مسلم نے کہا کہ کمیشن نے 3 فروری کو پمپنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا تھا، 16 فروری کو آرڈر جاری کیا لیکن اب تک میٹر نہیں لگے۔

کمیشن نے چھ ماہ میں پانی چوروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بھی واٹر بورڈ حکام کے خلاف اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ واٹربورڈ کے پانی کے نظام کو فوری طور پر کمپیوٹرائز کریں۔

ریٹائرڈ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کمیشن میں موجود سائٹ ایسوسی ایشن کے ایم ڈی سے سوال کیا کہ وہ کس کے حکم پر سائٹ میں زیر زمین پانی استعمال کرنے کے این او سی جاری کر رہے ہیں۔

کمیشن نے این او سی جاری کرنے پر ایم ڈی سائٹ کی سرزنش کی اور سائٹ ایسوسی ایشن کو اب تک جاری کیے گئے تمام این او سیز منسوخ کرے کا حکم دیا۔

تازہ ترین