• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آکلینڈ ،بولٹ اور سائوتھی نےانگلینڈ کے نٹ بولٹ ڈھیلے کردیئے

آکلینڈ ،بولٹ اور سائوتھی نےانگلینڈ کے نٹ بولٹ ڈھیلے کردیئے

آکلینڈ (نیوز ایجنسیز) نیوزی لینڈ کےٹرینٹ بولٹ اور ٹم سائوتھی نے انگلش ٹیم کے تمام نٹ بولٹ ڈھیلے کردیے۔مہمان ٹیم ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 58 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جن میں سے5 کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے۔ بولٹ نے 6 اور سائوتھی نے4 شکار کیے۔ جمعرات کو آکلینڈ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کیوی قائد ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بولٹ اور سائوتھی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا، انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں صرف 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بولٹ اور سائوتھی نے برق رفتار بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوںکو وکٹ پر جمنے کا موقع ہی نہ دیا۔ ایلسٹرکک 5، مارک اسٹونمین 11، کپتان جوروٹ، بین اسٹوکس، جونی بیئرسٹو، معین علی اور اسٹورٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے، ڈیوڈ میلان 2، کرس ووکس 5 اور اینڈرسن 1 رن بنا کر آئوٹ ہوئے، اوورٹن نے 33 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، بولٹ نے 6 اور سائوتھی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 175 رنز بنا کر مجموعی طور پر 117 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، جیت راول 3، ٹام لیتھم 26 اور روز ٹیلر20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان ولیمسن 91 اور ہنری نیکولس24 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں، اینڈرسن نے 2 اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین