• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واجبات کی عدم ادائیگی،65سے زائد پانی و سیوریج کے کنکشن منقطع

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) واٹربورڈ نے واجبات کی عدم ادائیگی پر اسٹیل ملز ،کراچی یونیورسٹی اور سائٹ لمیٹڈ سمیت دیگر نادہندصارفین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ،جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی پر65سے زائد نادہند کے پانی و سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے گئے ہیں ،گلستان جوہر میں واٹربورڈ کے عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرناپڑا، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر جاری نادہند کے خلاف آر آر جی ڈپارٹمنٹ کے گرینڈ آپریشن کے دوران جمعرات کو شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی ، واٹربورڈ ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عملے نے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے لانڈھی انڈسڑیل ایریاء میں دو فیکڑیوں،بن قاسم میں پیٹرول پمپ ، ٹرکینگ اسٹیشن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھرپور کاررائی کی ، گلستان جوہر بلاک 15میں نعمان گرانڈ سٹی میں آپریشن کے خلاف واٹربورڈ کے عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا مذکورہ پروجیکٹ پر واٹربورڈ کے ایک کروڑ 42 لاکھ روپے واجب الادا ہیں اور اس میں کل 750 یونٹس ہیں پروجیکٹ میں رہائش پزیرافراد نے خواتین بچوں کے ساتھ کنکشن منقطع کرنے آنے والے واٹربورڈ کے عملے کو ہراساں کیا اور کنکشن منقطع کرنے کے دوران شدید مزاحمت کی ، اس صورتحال پر واٹربورڈ نے کار سرکار میں مداخلت پر متعلقہ تھانہ میں تحریری درخواست جمع کرادی ہے علاوہ ازیں واٹربورڈ نے پاکستان اسٹیل ملز، جامعہ کراچی اور سائٹ لمیٹڈ کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ،اسٹیل ملز پر واٹربورڈ کے ایک ارب 95 کروڑ ،کراچی یونیورسٹی پر 15 کروڑ اور سائٹ لمیٹڈ پر 60 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔
تازہ ترین