• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری کامیاب، عمران ناکام، پیپلز پارٹی کی خاتون سینیٹر سینیٹ میں پہلی اپوزیشن لیڈر بن گئیں

شیری کامیاب، عمران ناکام، پیپلز پارٹی کی خاتون سینیٹر سینیٹ میں پہلی اپوزیشن لیڈر بن گئیں

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سینٹ میں قائد حزب اختلاف کے مقابلے میں شیری رحمان کامیاب اور عمران خان ناکام ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمٰن سینیٹ میں پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر مقرر ہوگئیں جس کا نوٹی فکیشن چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے جاری کردیا۔ اس عہدے پر تحریک انصاف کی طرف سے سینیٹر اعظم سواتی بھی امیدوار تھے لیکن چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قواعد کے تحت شیری رحمن کے حق میں فیصلہ دیدیا۔ شیری رحمان نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقررہونے کے بعد اپنا دفتر بھی سنبھال لیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، چوہدری منظوراحمد ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا اور دیگر رہنمائوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں شیری رحمن سے ملاقات کی اور انہیں سینٹ کا اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے سینیٹرشیری رحمن کو سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیری رحمن آئین اور انسانی حقوق کا دفاع کرتی رہیں گی اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے حزب اختلاف کے ان سینیٹروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے شیری رحمن پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ سینیٹر شیری رحمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف نامزد کرنے پر پارٹی قیادت کی شکرگزار ہوں۔ رضا ربانی، اعتزاز احسن اور اتحادی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔ شیری رحمان نے کہاکہ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔ سینیٹ کو پہلے سے زیادہ مؤثر اور سرگرم بنائیں گے ،حکومت کو جوابدہ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم وفاق کو مستحکم کریں گے ۔اپنا امیدوار لانا پی ٹی آئی کا حق تھا ۔ تحریک انصاف کو دعوت دیتے ہیں کہ ماضی کی طرح ہمارے ساتھ مل کر اپوزیشن کو توانا بنائے۔ ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی طرح سینٹ میں بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہوگی ۔ ہم ہر معاملے پر پی ٹی آئی کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ لاہور سے نمائندے کے مطابق متحدہ مجلس عمل میں شامل تین جماعتیں جماعت اسلامی ، جے یو آئی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں الگ الگ نظر آئیں۔ جماعت اسلامی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ظفرالحق کو ووٹ دیئے تھے، اب قائد حزب اختلاف کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے اعظم سواتی کے حق میں فیصلہ دیا ۔ جبکہ جے یو آئی کے سینیٹرز نے چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ دونوں کو ووٹ دیئے تھے۔ حکومتی اتحادی ہونے کے باعث قائد حزب اختلاف کیلئے حق رائے دہی استعمال نہیں کیا ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے دونوں سینٹرز بھی مسلم لیگ سے اتحاد کے باعث حکومتی بنچوں پر بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین