• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے بھارت اور افغان سرحدوں پر افواج کو چوکس کردیا

پاکستان نے بھارت اور افغان سرحدوں پر افواج کو چوکس کردیا

اسلام آباد (حنیف خالد) بھارت کے پاکستان کے خلاف مذموم عزائم منظرعام پر آگئے ہیں اور پاکستان نے بھارت اور افغان سرحدوں پر افواج کو چوکس کردیا ہے۔ بھارت جس نےچند سال قبل حکومت پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں نہ کرنے کا تحریری معاہدہ کیا تھا کم و بیش دو سال تک اس کی مکمل پابندی کرنے کے بعد بڑی ڈھٹائی کے ساتھ مخصوص مقاصد پورا کرنے لگا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق بھارت نے گزشتہ سوا دو سال میں 1646بار کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کرکے تحریری معاہدہ کی خلاف ورزی کی۔ بھارت نے2016میں کم و بیش 346مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی اور درجنوں نہتے شہریوں کو شہید کر ڈالا یکم جنوری 2017سے31دسمبر2017تک بھارت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی19سو خلاف ورزیاں کیں۔ یکم جنوری 2018 سے20مارچ 2018تک صرف89دن میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی4سو خلاف ورزیاں کی ہیں۔ تین دن پہلے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں دس نہتے شہری شہید اور زخمی کئے ، پاکستان نے بھارتی فوج کے حملوں کا ترکی بہ ترکی جواب نہیں دیا اس کی وجہ پاکستان کی جنگی کمزوری ہرگز نہیں ہے زمینی حقائق یہ ہیں کہ لائن آف کنٹرول کے پار بھی مسلمان آبادی ہے پاکستانی فوج نے اس وجہ سے مقبوضہ کشمیر کی لائن آف کنٹرول کے پار شہری آبادی کو ٹارگٹ نہیں کیا البتہ پاکستانی فوج بھارتی فوج کی پوسٹوں کو فی الفور کامیابی سے تباہ کر رہی ہے بھارت کا منصوبہ ہے کہ اوڑی/پٹھان کوٹ جیسا واقعہ رونما ہو تاکہ بھارتی فوج کو اسٹرٹیجک اسٹرائیک کرنے کی فضا ہموار ہوجائے اس لئے وزارت دفاع اور وزارت خارجہ کے پاکستانی عہدیداروں نے ملکر فیصلہ کیا ہے کہ ہم پہل نہیں کریںگے بری افواج اور پاک فضائیہ بھارت کی ہر قسم کی مہم جوئی کا موثر جواب دے سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے انڈیا اور افغانستان بارڈر پر اپنی بری فضائی افواج کو چوکس کردیا ہے مشرقی اور مغربی بارڈر پر فضائیہ اور بری فوج کا مساوی لیول ہے ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان اپنی افغانستان سے ملنے والی سرحدوں پر بھی بھارت کے ساتھ ملنے والی سرحدوں کے برابر بری اور فضائی فوج کو چوکس کرنے پر مجبور ہوا ہے کیونکہ ڈرامائی کشیدگی میں اضافہ بھارت کا پلان ہے مگر پاکستان اس کے پلان کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نےگرائونڈ ریڈارز پر ائر بورن ریڈار کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، اواکس کا ائربورن ریڈار سسٹم دور تک دشمن کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کرنے لگا، پاک فضائیہ نے دہشتگردوں کے ہاتھوںجلنے والے ایک اواکس طیارے کو 128 ملین ڈالر میں سو فیصد نیا بنا دیا۔

تازہ ترین