• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا طالبان مذاکرات کیلئے سہولت کاربننے کوتیارہیں، خرم دستگیر

امریکا طالبان مذاکرات کیلئے سہولت کاربننے کوتیارہیں، خرم دستگیر

اسلام آباد(حنیف خالد/پرویزشوکت) وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سہولت کار بننے کو تیار ہے، افغان صدراشرف غنی کا یہ بیان بڑا حقیقت پسندانہ ہے کہ افغان حکومت طالبان کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ وہ جمعرات کووزارت دفاع میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ وزیر دفاع نے افغان صدرکے جس کلیدی بیان کے حوالے سے اظہارخیال کیااسمیں انہوںنے کہا ہے کہ ہم نے جنگ ختم کرنی ہے جیتنی نہیں ہے یہ بات اظہرمن الشمس ہے کہ افغان صدر جب بھی اسٹرٹیجک بیان دیتے ہیں تو وہ امریکہ کے ذمہ دارعہدیداروں سے جامع مشاورت کرتے ہیں اسلئے انکایہ بیان پاکستان کو پیغام دے رہا ہےکہ وہ افغان جنگ کے خاتمے کے لئے طالبان کومذاکرات کی میز پر لائے ۔وزیردفاع نے واضح الفاظ میں امریکا افغانستان حکومت کوپیغام دے دیاہے کہ طالبان پر پاکستان کا اثر (کنٹرول) نہیں تاہم افغانستان میں امن سلامتی کے لئے طالبان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بٹھانے کے لئے سہولت کار(FACILITATOR)کا کردار ادا کرنے کو تیارہیں۔ پاکستان افغان جنگ میں طالبان کی حمایت نہیں کرتا یہ بات درست ہے کہ غیر مستحکم افغانستان بعض قوتوں کے مفاد میں ہے۔بعد ازاں وزیر دفاع نے خیبر ایجنسی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان واقع زیرو لائن کے ساتھ پاکستانی فوجی پوسٹوں کا معائنہ کیا ،چری کوٹ خیبر ایجنسی جا کر پاک فوج کے 11 شہید فوجی اہلکاروں اور افسروں کے گھروں میں ان کے لواحقین سے ملاقاتیں کیں۔ الیون کور میں عسکری قیادت سے بات چیت کی شہدا کے گھروں میں انہیں بتایا گیا کہ وہ پہلے وزیر دفاع ہیں جو ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے آئے ہیں خرم دستگیر خان چراٹ بھی گئے موسیٰ خیل میں انہوں نے جنگی مشقیں،گوادر پورٹ جا کر وزیر دفاع نے بحریہ کی مشقیں دیکھیں انہوں نے کراچی کے نیوی شپ یارڈ کے دورے کے دوران وہاں زبردست کام ہونے کو ریکارڈ کا حصہ بنایا۔ بحری آبدوز پر ان کو بریفنگ دی گئی بری اور بحری افواج کی جنگی مشقوں کا جائزہ لیا، وزیر دفاع خرم دستگیر خان سیاست اور عسکریت کے درمیان ایسے پل کی مانند ہیں جس پل کا دونوں کناروں سے کنکشن نہیں ہے۔

تازہ ترین