• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روا داری اور برداشت کا جذبہ پروان چڑھایا جائے ،صدر،وزیراعظم

روا داری اور برداشت کا جذبہ پروان چڑھایا جائے ،صدر،وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندگان جنگ) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کہاکہ معاشرے میں روا داری ، ہم آہنگی اور برداشت کے جذبے پروان چڑھائے جائیں کیونکہ ان کے بغیر موجودہ چیلنجز سے نمٹنا انتہائی مشکل ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن، ترقی کیلئے تمام سیاسی قوتیں ذمہ داری ادا کریں ۔ آصف زرداری کا کہناتھاکہ بابائے قوم کے نظریات کو مذہبی جنونیوں سے خطرہ ہے،یوم پاکستان کے حوالے سے صدروزیر اعظم ، چیئرمین سینیٹ، زردری کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وفاقی وزیراحسن اقبال ودیگر نے بھی پیغامات دیے۔

گزشتہ روز صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہاکہ 23؍مار چ کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اس پر مسرت موقع پر میں پوری قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں ا ٓیا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن 78سال پہلے کے اس عظیم دن کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیاکے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا پر عزم فیصلہ کیا تھا،ہمیں اپنے ماضی پر گہری نظر ڈالتے ہوئے اپنے حال اور مستقبل کی صورت گری کیلئے غور و فکر کرنا ہوگا، ہمیں اپنی کامرانیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا ، پاکستان ایک جمہوری جدو جہد کے ذریعے وجود میں آیا، اس کی بقاء ، سلامتی ، یکجہتی ، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں پوشیدہ ہے ،وزیراعظم نے کہاکہ آئین کی سربلندی اور قانون کی بالا دستی کویقینی بنائے بغیر ہم آبرو مند نہیں ہوسکتے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کا دن بر صغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے ۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوم پاکستان کے حوالے سے اپنےپیغام میں کہا کہ پاکستان کا قیام جہاں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت تھا وہاں ان لوگوں کے لیے امید کی کرن تھا جنہیں متحدہ ہندوستان میں ترقی کے مساوی مواقع سے محروم رکھا گیا اور ان کے تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے اور آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملکی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاکستان کی ترقی اور وفاق کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو نگی۔ہ

م نے ایک بار پھر قائد اعظم ؒکے افکار کی روشنی میں پاکستان کو دور جدید کی ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے 23مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے جذبہ تعمیرمہم کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی اس مہم کا رکن بن جائے،وطن عزیز کو آج پھر 1940والے تعمیری جذبے کی ضرورت ہے، اگلے 5سال میں پاکستان کو دنیا کی 25بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف ہے ،حکومت سنبھالی تو چارسو اندھیرے تھے،ملک بدترین توانائی بحران کا شکارتھا،2013میں معیشت جامدہوچکی تھی،کھیلوں کے میدان اجڑچکے تھے،آج ملک میں امن قائم ہے، لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے، امن و امان کی بہترصورتحال سے آج ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے،آج ملکی مجموعی پیدوارکاحجم 2013کے مقابلے میں دوگناہوچکا ہے ،پوری دنیا میں پاکستان کو ایشیاکی ابھرتی ہوئی معیشت قراردیا جارہاہے ،پاکستان نے دہشت گردی سے امن کی طرف تیزی سے ترقی کی ہے۔

سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم سے کہا ہے کہ قائداعظم کے پہلی آئین ساز اسمبلی سے 11اگست 1947ء کے خطاب کو ریاست کے لئے رہنما اصول کے طور پر اپنانے کی کوشش کرے، بابائے قوم کے ان نظریات کو سب سے بڑا خطرہ انتہاپسندوں اور مذہبی جنونیوں سے ہے جنہوں نے اپنی آستینوں میں اپنا مذہب پہنا ہوا ہے اور وہ اپنا قدامت پسند، خواتین دشمن اور غیرمسلم دشمن ایجنڈا ملک پر تھوپنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسے عناصر آخر وقت تک لڑتے رہیں گے۔

تازہ ترین