• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکاکی چینی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے کی منظوری

امریکاکی چینی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے کی منظوری

امریکا نے سیکڑوں چینی مصنوعات کی درآمد پر ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی ۔ ان چینی مصنوعات کی مالیت ساٹھ ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے ۔

دوسری جانب چین نے اسے تجارتی جنگ شروع کرنے کے متراف قرار دیا ہے ۔اس حوالے سے وائٹ ہاوس میں ایک تقریب کے دوران صدر ٹرمپ نے ٹیکس کے نفاذ کے مسودے پر دستخط کیے ۔

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تجارتی خسارہ قابو سے باہر ہوکر پانچ سو ارب ڈالر تک جا پہنچا تھا اس کے علاوہ حقوق دانش کی صورت حال بھی بہت خراب ہوگئی تھی ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چین امریکی ٹیکنالوجی کی چوری میں بھی ملوث ہیں ۔وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد چین کے غیرمنصفانہ تجارتی طریقہ کار کو تبدیل کرانا ہے۔

جبکہ صدر ٹرمپ نے امریکی تجارتی نمائندے کو ہدایات جاری کی ہیں وہ اس سلسلے میں پندرہ روز کے اندر ان اشیا کی فہرست تیار کرے جن میں چین کی سرمایہ کاری پر پابندی عائد کی جائے گی ۔ادھر چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے فیصلے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی جنگ شروع ہوسکتی ہے ۔

اگر ایسا ہوا تو چین اپنے جائز مفادات کے تحفظ کے لیے آخر تک جائے گا ۔ اور تمام ضروری اقدامات کریگا ۔ بیان میں امریکا سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کرے ۔ کیونکہ آخر کار اس کا نقصان واشنگٹن کو ہی ہوگا ۔


تازہ ترین