• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہیں دیا، پیسے واپس کرو

سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہیں دیا، پیسے واپس کرو

خیبر پختون خوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن عبید اللہ مایار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سینیٹر نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہ دینے والے ارکان سے رقوم واپس کرنے کا مطالبہ کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نومنتخب سینیٹر کی جانب سے مختلف ایم پی ایز کو پیسوں کی واپسی کے لیے فون کالز کی گئی ہیں ۔

عبیداللہ مایار کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے دوران پارٹی کے امیدواروں نے ارکان اسمبلی کو رقوم ادا کی تھیں ، پیسے دیتے وقت کہا گیا کہ یہ رقم اگلے عام انتخابات میں آپ کے کام آئے گی لیکن اب منتخب سینیٹر نے فون کر کے کہا کہ آپ نے ووٹ نہیں دیا، اس لیے پیسے واپس کریں۔

عبیداللہ مایار کا کہنا ہے کہ پیسے واپس نہ کرنے پر آئندہ انتخابات میں ٹکٹ نہ دینےکی دھمکی بھی دی گئی ہے ، وہ پارٹی کے وفادار ہیں اور خود پر شک کرنے والے سینیٹر کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔

دوسری جانب نومنتخب سینیٹر فدا محمد خان کا کہنا ہے کہ ناراض لوگوں کو فون کیا ، پیسوں کی کوئی بات نہیں ہوئی ، پارٹی کے لوگ ناراض ہیں ، ان سے صرف ٹکٹوں کے متعلق بات کی ہے ۔

نومنتخب سینیٹر فدا محمد خان نے کہا کہ وہ جس ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ہیں صرف اسی ڈویژن کے ارکان سے بات کرتے ہیں ۔

تازہ ترین