• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی اور کینیڈا کی جامعات مشترکہ تحقیق کرینگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور کینیڈا کی معروف جامعات کے درمیان مشترکہ تعلیمی و تحقیقی امور پراتفاق رائے ہوا ہے، کینیڈا کی جامعات میں بروک یونیورسٹی، یارک یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے نام قابلِ ذکر ہیں جو بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے ساتھ مشترکہ تحقیقی و تعلیمی امور کوفروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کرینگے، اس معاہدوں سے پاکستان اور کینیڈاکے درمیان مزید تحقیقی وتعلیمی تعلقات اُستوار ہونگے۔یہ بات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جمعرات کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں بین الاقوامی وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔پروفیسر اقبال چوہدری نے کینیڈا کے اپنے حالیہ دورے کے متعلق وفد کو بتایا کہ کینیڈا میں پاکستان کے کونسل جنرل عمران احمد صدیقی صاحب نیکینیڈا کی جامعات اور تیسری دنیا کے معروف پاکستانی تحقیقی ادارے بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعلق اُستوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کینیڈا کے معروف تعلیمی و تحقیقی اداروں کے دورہ جات کے علاوہ ان کی کینیڈا کے وزیر برائے تحقیق و جدّت ڈاکٹر رضا موریدی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں تعلیم و تحقیق سے متلق باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
تازہ ترین