• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے میں کزن میرج پر پابندی مسلمانوں کیخلاف ہے، پاکستانی تنظیمات

اوسلو(پ ر)امریکہ اور یورپ میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف سطحوں پر تارکین وطن بالخصوص مسلمانوں کے خلاف منفی جذبات میں بڑی تیزی سے اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، ایسی کئی آرگنائزیشن اور سیاسی جماعتیں ہیں جو مسلمانوں اور تارکین وطن کیخلاف پروپیگنڈہ کر کے ووٹ حاصل کرتی ہیں۔ ناروے کی موجودہ مخلوط حکومت تین دائیں بازو کی جماعتوں پر مشتمل ہے ان میں ایک پارٹی ایف آر پی تارکین وطن اور مسلمانوں کے سخت خلاف ہے ، اس لیے وہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر قانون میں ایسی تبدیلی لانا چاہتی ہے جس سے انسانی حقوق سلب ہوتے ہیں ایسی ہی ایک تبدیلی کزن میرج پر پابندی ہے جس کو وہ قانونی شکل دینا چاہتے ہیں۔ ایف آر پی گزشتہ دو دہائیوں سے طبی نقصانات کو جواز بنا کر کزن میرج پر پابندی لگانا چاہتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اس قانون کے ذریعے مسلمان تارکین وطن کے اضافے کو روکنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں پاک ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور، تارکین وطن فورم کے چیئرمین اطہر علی اور حلقہ ارباب ذوق کے صدر آفتاب وڑائچ نے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا آغاز عزیز الرحمٰن نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جس میں 30سے زائد پاکستانی تنظیمات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیمینار سے اطہر علی چوہدری، اسماعیل سرور، چوہدری تنویر احمد، نجم الثاقب، ڈاکٹر سید ندیم حسین اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی مجوزہ کزن میرج پر پابندی کو بنیادی انسانی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ پابندی کے بجائے جو میڈیکل ایشوز ہیں انکو آگاہی مہم کے ذریعے عام کیا جائے۔ اس موقع پر کزن میرج پر پابندی کے قانون کے خلاف ایک لیٹر بھی تیار کیا گیا اور تمام تنظیمات کے نمائندوں نے اس پر دستخط کیے اور مجوزہ پابندی پر گہری تشویش اور خدشات کا اظہار کیا۔ نقابت کے فرائض آفتاب وڑائچ نے سر انجام دئیے۔
تازہ ترین