• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجروصنعتکار رہنماؤں نے یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کیساتھ منایا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ملک کےتاجروصنعتکار رہنماؤں نے بھی 78واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے بیشتر رہنمائوں نے ٹڈاپ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر، سابق صدر ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرسے ملاقات کی ،ملاقات کرنے والوں میں سابق صدر فیڈریشن چیمبرآف کامرس زبیر طفیل، سابق سینئرنائب صدر خالد تواب، ترجمان یونائٹیڈ بزنس گروپ گلزار فیروز،فیڈریشن کے نائب صدورزاہد سعید، وحید احمد، طارق حلیم ،شکیل احمدڈھینگڑاشامل تھے۔ تمام تاجر رہنماؤں نے ایس ایم منیر کو یوم قرارداد پاکستان کی 78ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور انکی صحتیابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم نے ایف پی سی سی آئی میں پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کے نمائندگان کو فیڈریشن ہاؤس میں ایک چھت تلے متحد کردیا ہے ،ہم نے ویمن انٹرپرینورز کو بھی اہمیت دی اور انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم اس کی حفاظت دل و جان سے کریں گے، ہم پاکستان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اورچین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں سے ملک میں صنعتی شعبے کی نمو میں تیزی آنے کی توقع ہے۔ سابق صدرایف پی سی سی آئی زبیرطفیل نے کہا کہ آج کا دن ہمارے نظریاتی اساس کی فتح کا دن ہے،ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے اپنی تمام کاوشوں صلاحیتوں کو بروئے لا ئیں گے ۔خالد تواب نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ،سلامتی اور قومی خوشحالی کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔گلزارفیروز نے کہا کہ ایک آزاد وطن کسی بھی قوم کیلئے بہت بڑی نعمت ہے اور ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمیں یہ آزاد ملک پاکستان فراہم کیا،ہمیں اپنے بزرگوںکی قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگا اور اس ملک پاکستان کی ترقی کے لئے مل جل کر کوششیں کرنا ہوں گی ۔

تازہ ترین