• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیٹ بینک نے 23 مارچ کو اپنے فیس بک پیج کا آغاز کردیا

اسٹیٹ بینک نے 23 مارچ کو اپنے فیس بک پیج کا آغاز کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک پاکستان نے 23 مارچ 2018ء کو یومِ پاکستان کے خصوصی موقع پر اپنے فیس بک کے آفیشل پیج کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اسٹیٹ بینک کا فیس بک پیج ایک لنک پر دستیاب ہے۔ فیس بک پیج کو آزمائشی بنیادوں پر کچھ عرصہ سے چلایا جا رہا تھا۔ توقع ہے کہ اس کے آغاز سے طالب علم، تعلیمی ماہرین، کاروباری حلقے، صحافی اور مالی تجزیہ کار اس کی جانب متوجہ ہوں گے، اور وہ باضابطہ اعلانات، تقریبات کی تفصیل، پالیسی اعلانات اور ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور اس سے انہیں بینک اور اس کے فرائض کو بہتر انداز میں سمجھنے میں سہولت ملے گی۔گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ ابلاغ کے آلات میں ہونے والی بتدریج توسیع سے اسٹیٹ بینک کو ابلاغ کے جدید ذرائع کے ساتھ ہم آہنگ رہنے اور اپنے اسٹیک ہولڈرز سے تبادلہ خیال میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کی کمیونی کیشنز سے نہ صرف اس کے اسٹیک ہولڈرز میں معلومات کے فرق کو ختم کرنے بلکہ اس کی ساکھ اورپالیسیوں کی سمجھ بوجھ بڑھانے اور غیر یقینی صورت حال کے بہترین انداز میں خاتمے میں مدد ملے گی۔فالوورز کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کا پہلا خصوصی انٹرویو اسٹیٹ بینک کے فیس بک اور ٹوئٹر کے پیجز پر 23 مارچ 2018ء سے دستیاب ہے، جس میں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کی دلچسپ تفصیلات کے ساتھ ساتھ بینک کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی اظہارِ خیال کیا ہے۔ترجمانِ اعلیٰ عابد قمر نے اپنے بیان میں کہا کہ اسٹیٹ بینک ہمیشہ ابلاغ کے جدید ذرائع کےتقاضوں سےہم آہنگ رہے گا اور فیس بک کا آغاز بھی اسی سمت میں ایک چھوٹا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک عالمی سطح پر اپنے حاضرین میں عوامی دلچسپی کے امور پر آگاہی پھیلانے کے علاوہ فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے معاشی مبادیات ، مالی اداروں کے استحکام اور پالیسی اقدامات پر مصدقہ معلومات کی ترسیل بھی کرتا رہے گا۔یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے سوشل میڈیا پر اپنے سفر کا آغاز یکم جولائی 2015ء کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے افتتاح کے ذریعے کیا تھا، جو کہ اس وقت اسٹیٹ بینک کا توثیق شدہ سرکاری اکاؤنٹ ہے۔ یہ پیج @StateBank_Pak پر دستیاب ہے۔

تازہ ترین