• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران و سیاستدان ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں ، یعقوب شیخ

کراچی (پ ر)نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع نظریہ پاکستان کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے،نظریہ پاکستان مسخ کرنے والے اس ملک کے ٹھیکیدار بننے کی کوشش نہ کریں، پاکستانی قوم کو فکری انتشار کا شکار اور اسلامی تشخص تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، حکمران و سیاستدان ماضی میں کی جانے والی غلطیوں کا ازالہ کریں، بھارت کو جان لینا چاہیے کہ جو رشتے نظریے پر قائم ہوتے ہیں وہ خون کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں، ہم گلی گلی نظریہ پاکستان کا پرچار کرتے رہیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفاری پارک سے مزار قائد تک نکالے گئے نظریہ پاکستان کارواں کے شرکا سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،کارواں سے ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی محفوظ یارخان ایڈووکیٹ، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ عقیل انجم، قاضی احمد نورانی، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان ودیگر نے بھی خطاب کیا، کارواں کے شرکاءنے پاکستان کے سبزہلالی پرچم تھام رکھے تھے اور پورے راستے پاکستان کا مطلب کیا، لاالہ الااللہ کے نعرے لگاتے رہےیعقوب شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی جذباتی نعرے کی بنیاد پر نہیں نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا، کلمہ توحید کی وجہ سے لوگوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، نظریہ پاکستان کے لیے گھر بار چھوڑ کر ہجرت کو ترجیح دی گئی،یہ ملک کلمہ توحید کی بنیاد پر قائم و دائم رہے گا، انہوں نے کہا کہ کشمیری دوقومی نظریے کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں، بھارت کو جان لینا چاہیے کہ جو رشتے نظریے پر قائم ہوتے ہیں وہ خون کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔
تازہ ترین