• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم پاکستان،سیاسی و سماجی تنظیموں کے تحت تقریبات،ریلیاں،قائد اعظم کو خراج عقیدت

یوم پاکستان،سیاسی و سماجی تنظیموں کے تحت تقریبات،ریلیاں،قائد اعظم کو خراج عقیدت

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)یوم پاکستان کے موقع پر مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شہر میں تقریبات کا انعقاد اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع آج مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان بنانے کےلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے گئے اور آج پاکستان کو بچانے کےلئے فورسز سمیت عوام ہر طرح کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ وہ یوم دفاع پاکستان پر حسین آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور اس کا سہرا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سر جاتا ہے جنہوں نے پاکستان دشمن قوتوں کے دباؤ کے باوجود ایٹمی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔ ایم کیو ایم پاکستان(پی آئی بی) حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر و اراکین کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ 23 مارچ یوم عزم اور قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن و مقصد کو آگے بڑھانے سمیت ملک کی سا لمیت و بقاسے تجدید عہد وفا کا دن ہے اس دن ہم اپنے بزرگوں کی قیام پاکستان کیلئے دی گئی لازوال قربانیوںاور شہداءکی عظمت کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاءو سلامتی سمیت ملک کو مستحکم و مضبوط بنانے کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔مئیر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہماری رفعت و عظمت کا نشان ہے، اس دن کروڑوں مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر اکابرین ملت کے ساتھ مل کر 1940ءمیں اپنی آزادی وخودمختاری کا اعلان قرارداد پاکستان کی صورت میں کیا تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قراردادپاکستان کے 7سال بعد دنیا کے نقشے پر ایک آزاد وطن ابھرا ، آج 78سال گزرنے کے بعد ایک بار پھر ہمیں اپنے اندر 23مارچ 1940ءکاجذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔یوم پاکستان کے سلسلے میں پولیس ہیڈکوارٹر حیدرآباد میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر پولیس کے دستوں نے سلامی پیش کی اورمارچ پاسٹ کیا، ڈی آئی جی حیدرآباد عالم اوڈھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے لئے پولیس کے جوان بھی پاک فوج اوردفاعی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، ملکی دفاع اورشہریوں کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔اس موقع پر اسکولوں کے طلبا وطالبات کے درمیان یوم پاکستان کے حوالے سے تقریری مقابلہ ہوا۔ بعدازاں اسکولوں کے طلباءوطالبات نے یوم آزادی کے حوالے سے ٹیبلوز پیش کئے گئے تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پرمختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں، شرکاءقومی پرچم اٹھائے پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ ریلیاں قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، سول سوسائٹی، تنظیم خادم انسانیت کی جانب سے نکالی گئیں، شرکاءکا کہنا تھا کہ 23مارچ ہمارے لئے تجدید عہد وفا کا دن ہے، ہمارے اکابرین اور بزرگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا تھا، تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں تاکہ پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔

تازہ ترین