• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں، آئندہ سپر لیگ کے نصف میچز پاکستان میں،نجم سیٹھی

جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں، آئندہ سپر لیگ کے نصف میچز پاکستان میں،نجم سیٹھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایک خوشخبری پوری کردی اور دوسری خوشخبری آئندہ سال پی ایس ایل میں ملے گی۔ مجھ پر یقین کریں جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں، دوسری خوشخبری یہ ہے کہ آئندہ آدھا پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اسلام آباد اور پشاور میں اسٹیڈیم کی تعمیر کی خوشخبری بھی سنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی کو گرین سگنل مل گیا اور اب پشاور اور اسلام آباد کے میدانوں کو بھی آباد کریں گے۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں ڈبل ویک اینڈ میچز کرائیں، جمعرات اور جمعے کو متحدہ عرب امارات اور ہفتہ و اتوار کو میچز پاکستان میں کرائیں گے۔ اس سال کوئی غیر ملکی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی لیکن پاکستان میں حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔ کراچی اور لاہور کے بعد پشاور اور پنڈی میں انٹر نیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کریں گے۔ جمعے کو لاہور سے کراچی آمد کے بعد نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور اسٹیڈیم میں اتوار کو پاکستان سپر لیگ تھری کے ہونے والے فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئےنجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی کو گرین سگنل مل گیا ہے، اب پشاور اور اسلام آباد کے اسٹیڈیم بنائیں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بعد اس سال اب ممکن نہیں کہ کوئی غیر ملکی ٹیم پاکستان آئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کے بعد پاکستان ٹیم بیرون ملک مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہورہا ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئے گی اور اس کے بعد ہمارے پاس موقع نہیں ہے کیونکہ ہم کھیلنے کے لیے بیرون ملک جارہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اگست اور ستمبر میں ہم ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے ساتھ 5 سے 7 میچز ہیوسٹن اور فلوریڈا میں کھیلنے کے لیے جگہ بنارہے ہیں تاہم اب تک یہ فیصلہ حتمی نہیں ہوسکا ہے۔ ہم اپنے آپشنز کو دیکھ رہے ہیں لیکن ہمارے پاس بیرون ملک کی میزبانی کا وقت نہیں ہے تاہم انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ کچھ ٹیمیں ہیں جو پاکستان میں کھیلنا چاہتی ہیں اور ہم ان کے ساتھ اگلے سال کا منصوبہ بنارہے ہیں ۔ ہم اعلیٰ سطح کی ٹیموں کو پاکستان لاکر3 سے 4 میچز نہیں پوری سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ابھی مزید پی ایس ایل ہونے باقی ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کی فائنل کی طرف دیکھ رہے اور ایک جانب پہلی چیمپئن شپ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ ہے جبکہ پشاور زلمی دوسری چیمپئن شپ جیت کر سامنے آئی ہے، اب فائنل جو بھی جیتے، جیت پاکستان کی ہوگی۔

تازہ ترین