کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کے تینوں فارمیٹس کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔ کپتان کو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے لیکن نوجوان ٹیم میں مستقبل کا کپتان گروم کیا جارہا ہے۔ جمعے کی شب دوسری بار نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر کراچی کنگز کے کوچ ہیں انہوں نے محمد عامر کو عماد وسیم کے زخمی ہونے پر کپتان بنایا تھا ۔کسی بھی نوجوان کھلاڑی کی قائدانہ صلاحیتیں دیکھنے کا مطلب یہ نہیں کہ قومی ٹیم میں تبدیلی ہورہی ہے۔ البتہ اگر مستقل کپتان کبھی ان فٹ ہوتا ہے تو اس کی جگہ کسی کو تو کپتان بنانا ہوتا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 سیریز میں پی ایس ایل فائنل کے مقابلے میں ٹکٹوں کی نرخ نصف کردیئے جائیں گے۔ اس وقت نرخوں کو بڑھانا ہماری مجبوری تھی۔