• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک سے پولیوکے مکمل خاتمہ تک کوششیں جاری رہیں گی،سائرہ افضل

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے اعلیٰ ترین کارکردگی کے اعتراف میں صدر پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز دیا گیا، سائرہ افضل تارڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی،پولیو کے خاتمے اور شعبہ صحت میں بہترین کارکردگی پر ستارہ امتیاز ملنا میرے لئے باعث مسرت ہے۔ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ عوام کی خدمت اور پاکستانی بچوں و مائوں کیلئے کچھ کرنے کا موقع ملا،جو ذمہ داری مسلم لیگ کی قیادت اور حافظ آباد کے عوام نے میرے کندھوں پر ڈالی، ہمیشہ لگن اور ایمانداری سے نبھانے کی کوشش کی ہے، جب 2013 میں وزارت کا قلمدان سنبھالا توپولیو کا مرض خطرناک وبائی صورت اختیار کر چکا تھا ، حکومت نے بچوں کو بیماری سے محفوظ رکھنے اور ملک کا وقار بحال کرنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا ، دنیا بھر میں پولیو کے حوالے سے ہماری کارکردگی کو سراہا گیا،وزیر اعظم کی قیادت میں اس وقت تک کوششیں جاری رکھیں گے جب تک پاکستان میں پولیو کا ایک کیس بھی ہے ، ہم نے پولیو کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کی قیادت میں نیشنل ٹاسک فورس کی تشکیل دی اورپولیو کی صورتحال کو قومی صحت ایمرجنسی قرار دلوایا، موثر آگاہی کی حکمت عملی کو فروغ دیا جسکے نتیجے میں اس پروگرام کو پذیرائی حاصل ہوئی ، سائرہ افضل تارڑ نے کہا میرے لئے مسرت کا موقع ہے کہ پولیو خاتمہ اور صحت شعبہ میں بہترین کارکردگی کے اعتراف میں مجھے ستارہ امتیاز عطا کیا ہے ۔
تازہ ترین