• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصاف پر کسی کے تحفظات ہیں تو دور ہونے چاہئیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنا خطرناک غلطی ہوگی، صدر ممنون

انصاف پر کسی کے تحفظات ہیں تو دور ہونے چاہئیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنا خطرناک غلطی ہوگی، صدر ممنون

اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مشرق میں ہمارا ہمسایہ اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے‘ اس ملک نے اپنے اس غیرذمہ دارانہ طرز عمل سے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے‘ہم خطے میں امن اور ترقی کے مخالفین کو خیرسگالی کا پیغام دینا ضروری سمجھتے ہیں لیکن یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنا خطرناک غلطی ہو گی‘طاقت سے تحریک آزادی کشمیر کو دبایانہیں جاسکتا‘انصاف پر اگر کسی کے تحفظات ہیں تودورہونے چاہئیں‘ہمارے جمہوری ادارے فعال ہیں اور آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر نے کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس روز ہمارے بزرگوں نے فیصلہ کیا تھا کہ غیرملکی حکمرانوں اور متعصب اکثریت کے غاصبانہ طرز عمل کو شکست دے کر اپنی قسمت کے مالک خود بنیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی و علاقائی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ہر قسم کی جارحیت توسیع پسندی، استحصالی عزائم اور دوسروں کے داخلی معاملات میں مداخلت سے اجتناب کیا جائے۔ پاکستان اس اصول پرکاربند ہے اور توقع رکھتا ہے کہ عالمی برادری بھی انہی مسلمہ اصولوں کی پاسداری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بدامنی کے خاتمہ اور افغان حکومت کی عملداری کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان نے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے ۔ ہم اس مقصد کے لئے اپنے دوستوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اپنا کردار مستقبل میں بھی ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد جیسی کارروائیوں کے ذریعہ اس چیلنج کا مقابلہ پورے عزم و ہمت سے کیا۔ قوم اس جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔صدرمملکت نے اس موقع پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے دی جانے والی ان قربانیوں کے اعتراف میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک نئے میڈل ’’تمغہ عزم‘‘ کا اعلان بھی کیا۔

تازہ ترین