• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات

مقبوضہ کشمیر سمیت دنیابھرمیں یوم پاکستان کی تقریبات

اسلام آباد، لاہور (نمائندگان‘ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر سمیت دنیابھرمیں یوم پاکستان کی تقریبات‘اسلام آبادمیں فوجی پریڈ‘بھرپورعسکری طاقت کا مظاہرہ ‘ غیر ملکی فوجی دستوں نے بھی شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جمعہ کو78 واں یوم پاکستان نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں پاکستان کی بقا، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کراچی میں مزار قائدؒ اور لاہور میں مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات ہوئیں ۔یوم پاکستان کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب اسلام آباد کے شکر پڑیاں گرانڈ میں مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد تھا۔ تقریب میں صدرِ ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ، وزیر دفاع خرم دستگیر، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے نے بھی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی۔مشترکہ پریڈ میں پاکستان آرمی، نیوی، فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کے دستے شامل تھے، بوائز اسکاٹ، گرلز گائیڈ کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں حصہ لیا جبکہ پولیس سروس کی نمائندگی اسلام آباد پولیس کے دستے نے کی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایف 16 پر سلامی پیش کی جبکہ اسپیشل سروسز گروپ، کوئن آف بیٹل فیلڈ انفنٹری ، خواتین افسروں اور نرسنگ کور کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں سلامی پیش کی ۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہین اپنی مہارت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ ملکی ثقافت کی عکاسی کرنے والے فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے۔ پریڈ میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اردن کی مسلح افواج کے دستے نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔ملک میں تیار کیے گئے جے ایف -17 تھنڈر طیار ے سمیت لڑاکا طیاروں نے فضائی مظاہرہ پیش کیا۔یو اے ای کا دستہ اپنا قومی پرچم تھامے سلامی چبوترے کے سامنے سے گزرا جس کی قیادت خالد حامد نے کی جس کے بعد اردن کے مسلح افواج کے دستے نے بھی سلامی دی۔ اردن کے عسکری بینڈ نے جیوے جیوے پاکستان اور اللہ اکبر کی دھن بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔یوم پاکستان کی پریڈ میں جدید ترین فوجی سازو سامان، میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی کی گئی۔پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب ، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے گے۔بیرون ملک پاکستانی مشنز، سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقر یبات کا انعقاد کیا گیا۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی دختران ملت نے یوم پاکستان پر سرینگر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا‘ تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ گایا گیا جبکہ اس موقع پر پاکستان کا پرچم بھی لہرایا گیا۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے اس موقع پر اپنی تقریر میں پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مملکت خداد داد تمام مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے کیونکہ اسکا قیام ایک اللہ اورایک رسول کے نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے اوراس نظریے کی وجہ سے اس خطے میں رہنے والا ہر مسلمان پاکستانی ہے۔

تازہ ترین