• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن و امان کی ذمے داری رینجرز کے بجائے پولیس کو دی جائے، وزیراعلیٰ

وقت آگیا امن و امان کا کنٹرول رینجرز سے پولیس کو دیدیا جائے، وزیراعلیٰ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ پولیس نے صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنادی ہے وقت آگیا ہے کہ لاءاینڈ آرڈر کے معاملات کا کنٹرول مکمل طورپر رینجرزسے لیکر پولیس کو دیدیا جائے۔‘ راؤ انوار کے معاملے پر نہ پہلے کوئی دباؤ تھا اورنہ ہی اب‘ کرکٹ کی بحالی کاسہرا‘ عوام کے سر ہے ‘ حکومت میں آ گئے تو آئندہ سال پی ایس ایل کے میچز نیاز اسٹیڈیم میں کرائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کی شب وویمن تھانہ حیدرآباد میں قائم کئے جانے والے پولیس فیسی لیٹیشن سینٹر حیدرآباد کے افتتاح کے بعد تقریب اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال‘ صوبائی وزیر امداد پتافی‘ رکن قومی اسمبلی نعمان شیخ‘ میئر حیدرآبادطیب حسین‘ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ‘ ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید عالم اوڈھو بھی موجود تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ماضی میں پولیس کے بارے میں جوتصور تھا اس میں بڑی تبدیلی آئی ہے اس کی ایک وجہ عوام کے شعور میں اضافہ بھی ہے جس کی وجہ سے اب پولیس والے بھی خیال کرتے ہیں ۔ فیسی لیٹیشن سینٹر کے قیام کامقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرناہے اور عوام کو یہ بتانا ہے کہ ان مراکز پر آنے سے ان کے مسائل حل ہونگے ۔انہوں نے ماضی کے مقابلے میں آج حالات اورامن وامان کی صورتحال میں بہت بہتر ی آئی ہے وقت آگیا ہے کہ سندھ بھر میں لاءاینڈ آرڈر کا کنٹرول پولیس کودیدیاجائے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امید ہے کہ ماضی کی طرح اس سینٹر پرلوگوں کو کس کے فون کی ضرورت نہیں پڑے گی اورعام لوگوں کو اس کافائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ سندھ کے باقی ڈویژنوں میں بھی یہ سینٹر کام شروع کردینگے اور عوام کو اچھی سروس ملے گی ۔ بعدازاں سوالات کے جواب میں کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کاانعقاد اورکرکٹ کی بحالی کا سہرا پاکستان کے عوام کے سر ہے ‘جواس بات کی علامت ہے کہ امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جبکہ مارشل لاءکے دور میں لوگ کانوائے میں سفر کرتے تھے ۔مرادعلی شاہ نے آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی تیاریوں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ 2018ءکے الیکشن پیپلزپارٹی پورے ملک سے جیتے گی کیونکہ دیگر پارٹیوں کی پوزیشن اچھی نہیں ہے‘ آصف زرداری اوربلاول کی قیادت میں پورے ملک سے کامیابی حاصل کرینگے‘ سندھ میں خالی ہونے والی نشستیں بھی پی پی کے پاس آگئی ہیں ۔راؤ انوار کی گرفتاری اوراس حوالے سے حکومت پر کسی دباؤ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کے معاملے کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیا ہواہے اس حوالے سے نہ پہلے کوئی دباؤ تھا اورنہ اب ہے۔ امن وامان کاکنٹرول سندھ پولیس کے حوالے کرنے کے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن وامان کا کنٹرول کرنے کے حوالے سے رینجرز اور ملٹری پر بڑا بوجھ ہے وقت آگیاہے اور امن وامان کی صورتحال بھی بہت بہتر ہے لہذا لاءاینڈ آرڈر کے معاملے کاکنٹرول سول اداروں اورپولیس کو دیدیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس کی کیپسٹی میں اضافہ کرکے صورتحال کو مزید بہتر بنائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے میچز نیاز اسٹیڈیم میں کرائیںگے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سہیل انور سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیسی لیٹیشن سینٹر کاقیام سندھ حکومت کا ویژن تھاجس پر عمل کرکے یہ سینٹر قائم کیاگیاہے تاہم اس سے بھی زیادہ اہم یہ ہے کہ حکومت نے پولیس کااعتماد بحال کیاہے ۔حیدرآباد کے شہری اورمیڈیا اس بات کاگواہ ہے کہ یہ شہر کس قدر کرائم سے متاثر تھا ‘پیپلزپارٹی کو کامیابی کے بعد بہت سے مسائل درپیش تھے ۔انہوں نے اس موقع پر امن وامان کے قیام کے حوالے سے سابق ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ کی تعریف کی اور کہا کہ امجد شیخ اور پیر محمدشاہ نے اس تسلسل کو برقراررکھا ہے اور پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کیاہے۔

تازہ ترین