• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلمی فیورٹ اسلام آباد سےبیٹنگ کا مقابلہ ہوگا، رمیز راجہ

پی ایس ایل فائنل ،زلمی فیورٹ ،اسلام آباد سےبیٹنگ کا مقابلہ ہوگا،رمیز راجہ

کراچی(جنگ نیوز)سابق کرکٹر و معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے پشاور زلمی کو فیورٹ سمجھتا ہوں،پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کی باؤلنگ اور اسلام آباد کی بیٹنگ کے درمیان مقابلہ ہوگا، پی ایس ایل میں دنیا کی بہترین باؤلنگ ہورہی ہے، پی ایس ایل میں پیسہ اور ٹی وی ریٹنگ بگ بیش سے زیادہ ہے۔ وہ جیو نیوز کے ”کیپٹل ٹاک“ کے خصوصی پروگرام میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق کرکٹر سکندر بخت اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر بھی شریک تھے۔شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو گھر لانا ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، پی ایس ایل کرکٹ لیگز میں دنیا کا نمبر ٹو برانڈ بن چکا ہے، اگلے سیزن میں پی ایس ایل کے آدھے سے زیادہ میچز پاکستان میں کروانے کی کوشش ہوگی۔سکندر بخت نے کہا کہ کراچی میں پختون آبادی بہت زیادہ ہے پشاور زلمی کو یہاں زبردست سپورٹ ملے گی، ڈیرن سیمی کی مقبولیت شاہد آفریدی سے زیادہ ہوگئی ہے، کامران اکمل کی حالیہ اچھی کارکردگی کے باوجود ان کی قومی ٹیم میں واپسی نہیں ہوسکتی۔سابق کرکٹر و معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے پی ایس ایل فائنل کی وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان ہوگی، کراچی میں کرکٹ کے ذریعہ مسکراہٹیں لوٹائی جارہی ہیں،خیبر سے لے کر کراچی تک کرکٹ سب کو جوڑ دیتی ہے، ٹی ٹوئنٹی میں وکٹ سے زیادہ اہم ماحول ہوتا ہے، اس طرز کی کرکٹ میں نعرے بازی، جوش ولولہ اور جنون کی ضرورت ہوتی ہے، اگلے دو تین سالوں میں پی ایس ایل کے ذریعہ سیکیورٹی کی مثال دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے،دنیا کو پیغام دینا ہوگا صرف لاہور اور کراچی ہی نہیں پورا پاکستان محفوظ ہے۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی آنے کے بعد کرکٹرز سارا سال کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے انجریز بھی بڑھ گئی ہیں، ایسا شیڈول بنانا چاہئے جس سے کرکٹرز کو فٹ ہونے کا موقع ملے، پی ایس ایل کے میچوں میں وقفہ ہونا چاہئے تاکہ لوگ بھی بور نہ ہوجائیں، متحدہ عرب امارات میں اس سال اتنے لوگ میچز دیکھنے نہیں آئے جتنے پچھلے سالوں میں آتے تھے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل میں دنیا کی بہترین باؤلنگ ہورہی ہے، غیرملکی کھلاڑی بھی مانتے ہیں پی ایس ایل میں باؤلنگ اسٹینڈرڈ بہت معیاری ہے، پی ایس ایل میں پیسہ اور ٹی وی ریٹنگ بگ بیش سے زیادہ ہے، پی ایس ایل پاکستان آگئی تو اسپانسر شپ کے مزید دروازے کھلیں گے، آئی پی ایل بیٹنگ کے حساب سے بہت بڑی لیگ ہے، آئندہ برسوں میں پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں کی تعداد بڑھے گی۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کی باؤلنگ اور اسلام آباد کی بیٹنگ کے درمیان مقابلہ ہوگا، فائنل میں لیونک رونکی کا بلا چل گیا تو پشاور کے پلان دھرے رہ جائیں گے، کامران اکمل کی فارم اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، پی ایس ایل تھری میں بیٹنگ میں کوئی سپراسٹار نظر نہیں آیا، حسین طلعت اور آصف اچھے کھلاڑی نظر آئے ہیں، حیدرآباد کے انیس سالہ لیگ اسپنر ابتسام شیخ میں لگن نظر آتی ہے، ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی ٹوئنٹی میں ان کھلاڑیوں کو ضرور آزمانا چاہئے۔رمیز راجہ نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ اگر نئے کھلاڑیوں کے ساتھ آگے جانا چاہتی ہے تو ٹیم میں کامران اکمل کی جگہ نہیں بنتی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کی فارم پر پچھلی دفعہ کامران اکمل کو ویسٹ انڈیز لے گئے تھے مگر ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی، پی ایس ایل فائنل کیلئے پشاور زلمی کو فیورٹ سمجھتا ہوں۔ 

تازہ ترین