• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صادق سنجرانی کی پہلی مرتبہ ایوان صدر کی تقریب میں شرکت،صدر ہشاش بشاش شہداء کی بیوائوں کی رہنمائی کیلئے خواتین فوجی افسر موجود

اسلام آباد(طاہرخلیل)صادق سنجرانی کی پہلی مرتبہ ایوان صدر کی تقریب میں شرکت،صدر ہشاش بشاش،شہداء کی بیوائوں کی رہنمائی کیلئے خواتین فوجی افسر موجود تھے، تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں یوم پاکستان کے موقع پر تقسیم اعزازات کی پروقار تقریب نماز مغرب کے بعد سات بجے شروع ہوئی،قاری صداقت علی نے سورۃ رحمٰن کے ابتدائی رکوع کی تلاوت کی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ایوان صدر کی تقریب میں شرکت کی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ان کی نشست تھی،متعلقہ عملے نے ایوارڈ یافتگان اورشہدا کے لواحقین کو پیشگی طورپر سختی سےہدایات کی تھیں کہ ایوارڈ لیتے وقت صدرکو کوئی کاغذ یا درخواست پیش نہ کی جائے اس کے باوجود حوالدار عطا الرحمن شہید کی بیوہ سمیت دیگر نے صدر کو مسائل کے حوالے سے درخواستیں دیں جو صدارتی عملے کو ضروری کارروائی کےلئے دے دی گئیں،اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی، ڈاکٹر جمال ناصر، وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات سمیت دوسرے رہنما بھی ایوان صدر کی تقریب میں موجود تھے، 7:50 پر پندرہ منٹ کے لئے وقفہ کیاگیااور صدر اپنی نشست پر بیٹھے رہے۔ یوم پاکستان پر مسلح افواج کی تین گھنٹے سے زائد دورانیے پرمشتمل پریڈ میں شمولیت کے باوجود صدر پوری طرح ہشاش بشاش تھے،اعزاز حاصل کرتے وقت شہدا کی بیوائوں اور لواحقین کی رہنمائی کےلئے مسلح افواج میں شامل خاتون افسروں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔جاپان کے کیمی ہاندو نے سفید پاکستانی شلوار قمیض کالی واسکٹ زیب تن کررکھی تھی۔
تازہ ترین