• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہاجروں نے درست فیصلہ کیا تو مشکلات سے نکالوں گا، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ لوگ تذبذب کا شکار ہیں ، انہیں لگتا ہے کہ مہاجرقوم انتشار کا شکار ہوگئی ہے، کہیں لندن ،پاکستان اور کہیں پی ایس پی میں تقسیم ہوگئی جبکہ ایسا ہے نہیں، مہاجروں کی نمائندگی ہمیشہ مہاجر قومی موومنٹ نے کی،مہاجروں نے اگر درست فیصلہ کیا تو ان کو مشکلات سے نکالوں گا،ہم نے بانی متحدہ سے اس وقت بغاوت کی جب اسکا جوبن تھا ،جب ہر شخص اپنے قوم اور فعل کا خود ذمہ دار ہے تو کسی شخص کے مردہ باد کے نعرے کا بوجھ میری مہاجر قوم پر کیوں ڈالا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کویوم پاکستان کی مناسبت سے ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفاق احمد نے کہا کہ پاکستان بنانے میں میرے بزرگوں کا لہو اور جنون شامل تھا جبکہ انہیں یہ معلوم تھا کہ پاکستان ان علاقوں میں بنے گا جو پاکستان میں شامل نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم میں ایک لارنس آف عربیہ پیدا کرکے اس سے پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگوایا۔آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے بانی متحدہ سے اس وقت بغاوت کی جب اسکا جوبن تھا، آفاق احمد نے اسکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر علیحدگی اختیار کی اور آج پاکستانی پرچم کے نیچے کھڑے ہوکر کہتا ہوں کہ میں نے اس وقت بانی متحدہ سے کہا تھا کہ پنجابی، پٹھان، سندھی اور بلوچی میرے بھائی ہیں، میں اپنی بھائیوں سے اپنی قوم کے حقوق کیلئے تو لڑسکتا ہوں لیکن اس ملک کی مضبوطی کیلئے ہمیشہ اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونگا۔ آفاق احمد نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی قوم کو دھوکہ دے کر اپنی لگامیں کسی اور کے ہاتھوں میں دیں تو کیا میں ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں اپنی قوم کی لگامیں دے دونگا! ہرگز نہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ آفاق کو الیکشن میں ووٹ نہیں ملتا، مانتا ہوں کہ مجھے انتخابات میں کامیابی نہیں ملتی لیکن جنہیں ملی انہوں نے قوم کے کون سے مسائل حل کئے۔ آفاق احمد نے کہا کہ میری قوم نے اس بار مہاجر امیدوار کو اسمبلیوں میں پہنچادیا تو یقین جانو کوئی میری قوم کو تقسیم کا طعنہ نہیں دے سکے گا۔
تازہ ترین