• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جان بولٹن پاکستان کیلئے نرم پالیسی کے حق میں ہیں، بھارتی اخبار

 جان بولٹن پاکستان کیلئے نرم پالیسی کے حق میں ہیں، بھارتی اخبار

بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ کے نئے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن ویسے تو خاصے سخت گیر سمجھے جاتے ہیں تاہم پاکستان کے حوالے سے وہ نرم پالیسی اختیار کرنے کے حق میں ہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق نامزد کردہ مشیر قومی سلامتی جان بولٹن اپنی پالیسیوں کے حوالے سے سفارتی حلقوں میں خاصے سخت گیر سمجھے جاتے ہیں تاہم پاکستان کے حوالے سے وہ ماضی میں بھی نرم رویہ اختیار کرنے کے حق میں رہے ہیں۔

اپنے انٹرویوز میں جان بولٹن کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ پاکستان کے ساتھ سختی سے پیش آنا چاہئے تھا تاہم اسے اس وقت مذہبی انتہاپسندی اور دہشت گردی کا سامنا ہے اور اگر اس پر زیادہ دبائو ڈالا گیا تو اس کے خطرات موجود ہیں کہ خود پاکستان ایسا دہشت گرد ملک نہ بن جائے جس کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسی یہ ہونی چاہئے کہ طالبان کو دوبارہ افغانستان کا کنٹرول نہ سنبھالنے دیں اس مقصد کے حصول کے لیے ایک ہی بنیادی اتحادی ہے اور وہ ہے پاکستان، چاہے کوئی اس بات کو پسند کرے یا نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ سخت پالیسی اپنانے کی صورت میں اس بات کے خدشات ہیں کہ پاکستان میں موجود مذہبی عناصر امریکا مخالف جذبات کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

تازہ ترین