امریکا، برطانیہ، یورپ، چین اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں 23مارچ کو پاکستان سے عہد وفا دہرایا گیا، دبئی، ابوظبی اور ترکی میں بلند و بالا عمارتیں پاکستانی پرچم میں تبدیل ہوگئیں۔
23مارچ کو صرف پاکستان ہی نہیں دوست ممالک نے بھی سبزہلالی پرچم سے پاکستان کی اونچی شان کا شاندار مظاہرہ پیش کیا، دنیا کی بلند ترین عمارت پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگی دکھائی دی۔
ابوظبی میں بھی پاکستان سے اظہار یک جہتی کےلیے کورنیش سینٹر، کیپٹیل ٹاور، مرینا مال اور ریاست کی بلند ترین عمارت ایڈنوک ٹاور پر بھی روشنیوں سے پاکستانی پرچم سجائے گئے۔
یورپ اور ایشیاء کو ملانے والے استنبول کے بوسفورس پل کو بھی سبز و سفید رنگ میں روشن کردیا گیا۔
دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں۔
اقوام متحدہ میں مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائداعظم کےمقصدکوحقیقت میں بدلنےکے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ میں بھی پروقار تقریب ہوئی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی شریک ہوئے۔
بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا، بھارتی وزیر کی شرکت پر بھارتی میڈیا واویلا سے باز نہ آیا، جبکہ اسلام آباد کی پریڈ میں بھارتی ہائی کمشنر کی موجودگی پر بھی بھارتی میڈیا میں شور مچایا گیا۔
فرانس، اسپین، بلجیم، نیدر لینڈ اور پرتگال سمیت یورپ بھر میں بھی سبز پرچم لہرایا گیا۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں بھی یوم پاکستان کی تقریب ہوئی۔
سعودی عرب، ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل خانے میں بھی تقریبات ہوئیں۔