• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بغیر دیوار پورشنز بنائیے

گھر چھوٹا ہو یابڑا ہرتھوڑے عرصے بعد گھر کے مکینوں سے تبدیلی یا مرمت کی خواہش رکھتا ہے یہ تبدیلی مختلف صورتوں میں پیدا کی جاسکتی ہے کہیں گھر کی سجاوٹی اشیاء میں ردوبدل کے ذریعے تو کہیں تھوڑے بہت اضافے اور کمی کے ذریعے اس خواہش کی تکمیل کے لئے گھر سے متعلق مناسب منصوبہ بندی بہت ضروری ہے ۔سجاوٹی اشیاء کے ذریعے گھر کی رینوویشن یا اشیائے ضروریہ سے گھر کی مرمت کا رجحان برسوں پرانا ہے۔ 

ماہر ڈیزائنر کے نزدیک گھر کے بڑے کمروں میں پورشنز کے ذریعے بھی گھر کو ایک نئے انداز سے سجایا یا سنوارا جاسکتا ہےدور جدید میں جگہوں کو جوڑنےیا علیحدہ کرنے کا رجحان مقبول ہوتا جارہا ہے۔اب کچن سے جڑے لاؤنج یا ڈائننگ روم نے جہاں عوام میں مقبولیت حاصل کی ہے وہیں بیڈ روم میں علیحدہ سا لیونگ روم یا اسٹڈی روم بھی خاصا مقبول ہورہا ہے ۔

ایشیائی گھروں میں کھلے فرش کا استعمال برسوں سے کیا جا رہا ہے۔ پرانے رواجوں کے مطابق خوبصورتی سے سجی فولڈ کی جانے والی اسکرینیں کمروں کو تقسیم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہیں۔ یہ اسکرینیں گھر کے ذاتی حصے کو عمومی حصے سے الگ کرنے کے کام آتی ہیں جیسے ڈریسنگ روم کو خواب گاہ سے اور کھانے کے کمرے کو لاؤنج ایریا سے الگ کرنے کے لیے ۔ 

کبھی کبھی یہ عبادت کے کمرے کو عمومی حصے سے الگ کرنے کے بھی کام آتی ہیں لیکن یہ طرز آج کے جدید دور میں پرانا ہوچکا ہےاب اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ بیڈ روم یا لیونگ روم میں پورشن کے لئے آپ کو مضبوط دیواروں اور گھر میں مرمت کی ضرورت ہوگی تو آپ درست نہیں سوچ رہے۔ آج ہم بات کریں گےان اسٹائل پر جو بنا دیوار آپ کے بیڈروم اور لیونگ روم میں پورشن کی تکمیل کو آسانی کے ساتھ ساتھ جدید اور اسٹائلش لک بھی فراہم کریں گے ۔

آرائشی پینل

لکڑی کے آرائشی پینل کے ذریعے بھی کمرے کے ایک حصے کو دوسرے سے علیحدہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہےان پینلز کی اہم خاصیت یہ ہے کہ یہ زیادہ جگہ نہیں گھیرتے ان کو آسانی سے ہٹایا اور لگایا بھی جاسکتا ہے ۔اور ان پینل پر باریک اور ہلکے رنگوں سے نقش ونگاری کی جائےتو یہ آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔

اگر آپ اپنے کمرے میں رنگوں کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں ، تو اس پینل کو گہرا رنگ دیں ،۔یہ اسٹائل آپ کے کمرے میں آنے والے ہر فرد کوچونکنے پر ضرور مجبور کرے گا۔

قدرتی خوبصورتی کے ذریعے

بنا دیوار پورشن کی تخلیق کے لئے پودوں کا استعمال بھی عام ہے یہ آئیڈیا آپ کے کمرے کےقدرتی حسن میں اضافہ کرتا ہے ساتھ ہی ماحول کو تازہ دم بنانے اوربغیر پتھر یادیوار کی تعمیرکے لئے بھی خاصا اہم تصور کیا جاتا ہے۔اس طریقے کو استعمال کر تے ہوئے بغیر نشانات بنائےکمرے کو آسانی سے تقسیم کر سکتے ہیں ۔

پودوں کے ذریعے پورشن بنانے کے لئے آئرن اسٹینڈ یا ڈیکوریشن پینل کا استعمال بھی کمرے کو متاثر کن بنا سکتا ہے۔اس آئیڈیے کو عام طور پر رینٹ کے گھروں میں زیادہ استعمال کیا جاتاہے چونکہ وہاں دیوار یا مرمت کے لئے باقاعدہ مالک مکان کی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذاپودوں کے ذریعے پورشن کی تکمیل ایک خوبصورت اور مثالی آئیڈیا تصوکی جاتی ہے ۔

بک شیلف یا بآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والی الماری

روم کو علیحدہ کرنے کے لئے بک شیلف یا دھکیلے جانے والی الماری کا استعمال ایک آسان اور سادہ سا حل ہے ۔بک شیلفی یا کیبنٹ ذخیرہ کرنے کی جگہ کو بڑھاتا ہے تو دوسری طرف قیمتی چیزوں اور کتابوں کی حفاظت بھی کرتا ہے اور آپ کے گھر کو منظم اور ترتیب سے رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

٭دوسری جانب اگر آپ اسکرینز کے ساتھ شیلفس کا بھی اضافہ کرتے ہیں توجگہ کی علیحدگی کے امکانات مزید بڑھ جاتے ہیں۔ اس طرح سے آپ کے شیلف ہوادار بھی ہونگے۔

آرائشی پردوں کا استعمال

موٹے اور خوبصورت پردے بھی کسی جگہ کو تقسیم کرنے میں مدد دے سکتے ہیںآپ جب بھی کسی جگہ کوتقسیم کرنے کا ارادہ کریں تو اس جگہ پر خوبصورت اور بھاری پردے خوبصورت انداز میں لگائے جائیں تو کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں ۔دوسری طرف کرٹن بلائنڈ یا آرائشی پردوں کا استعمال بھی آپ کی خواب گاہ کو بآسانی کسی دوسری جگہ سے علیحدہ کرسکتا ہے۔یہ طریقہ خاص طور پر ایسی چھوٹی جگہوں کے لیے کارآمد ہے جہاں دیواریں تعمیر کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ 

اس ٹیکنیک کو استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے سلسلے وار ڈریسنگ روم کو خواب گاہ سے بآسانی جدا کر سکتےہیں۔ماہرین کے مطابق اس مقصد کے لیے پردے خریدتے وقت بیڈروم کے رنگوں کی اسکیم کو مد نظر رکھنا ضروری ہے۔ موٹے پردے کسی بھی جگہ کی سماعتی خصوصیات کو بھی بڑھا دیتے ہیں۔

باتھ روم کی تقسیم، شیشوں کے ذریعے

باتھ روم کی تقسیم عام طور سجاوٹ کو مد نظر رکھ کر کی جاتی ہے۔ اس کے تحت باتھ روم کے آدھے حصے کو باتھ ٹب اور واش بیسن سے الگ کردیا جاتا ہے اس تقسیم کے لئے عام طور پر شیشوں کا استعمال زیادہ کیا ہے کیونکہ ایسی جگہیں جو تنگ ہوں اور ان میں روشنی کم آتی ہو ، ایسی جگہوں میں صرف شیشے کی تقسیم بہت اچھی رہتی ہے ۔شیشے جگہ بھی کم گھیرتے ہیں اور باقی سجاوٹ پر بھی کم اثر انداز ہوتےہیں۔

اسکرینز کے ذریعے

گھر کے کسی بھی حصے کواسکرینز کے ذریعےبھی تقسیم کیا جاسکتا ہے یہ جگہ کو تقسیم کرنے کا سب سے شاندار ذریعہ ہے۔ اسکرینز کا استعمال بھی دوسری اشیاء کی نسبت آسان ہے کیونکہ اس طریقہ میںایک طرف آپ کو کسی بھی حصے کو علیحدہ کرنے کے لئےا سے زمین سے جوڑنا ہوتا ہے اور دوسری طرف سے چھت سے لگا نا۔ لیجئیے آپ کا کام ختم ۔۔۔۔۔ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں

٭اگر آپ کوئی مستقل یا نمایاں تقسیم نہیں چاہتے توایک چھوٹی اسکرین بھی آپ کے گھر کے لئےاچھی تجویز ہے آپ اسکو جب چاہیں ہلا سکتے ہیں اور جب چاہیں ختم کر سکتے ہیں

٭لمبے اور پتلے ٹکڑوں کا استعمال کرتے ہوئے عمودی طرز پر بنی اسکرینوں کا استعمال ان کا ایک اور متبادل آئیڈیاہے

آدھی آرائشی دیوار

اگرچہ ہمارا موضوع بنا دیوار پورشن کی تخلیق ہےلیکن آپ کے گھرکو خوبصورت بنانے کےلئے آدھی آرائشی دیوار کا آئیڈیا نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ آدھی دیوار کی موجودگی گھر میں ایک طرف تقسیم پیدا کرتی ہے اوردوسری جانب پرائیویسی بڑھاتی ہے۔ 

اس کا اثر حیران کن ہے اور یہ دیکھنے میں خوبصورت نظر آتی ہے۔اس طریقے میں آپ دیوار کو گہرے رنگ سے مزین کرکے گھر کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دے سکتے ہیں۔

سرکنے والے لکڑی کے تختے

یک انوکھے، آرام دہ اور ایک سے زیادہ کام کرنے والے متبادل کے طور پر لکڑی کے تختوں کا استعمال بھی آپ کے گھر کو رعنائی بخش سکتا ہے جنھیں آپ اپنی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے استعما ل میں لاسکتے ہیں اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ چاہیں تو تقسیم کریں، چاہیں تو جوڑ دیں۔

بغیر دروازہ لگائے دو کمروں کو علیحدہ کریں

اگر کسی وجہ سے آپ دو کمروں کے درمیان دیوار بنوانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ دروازے کا سوراخ چھوڑ کر اس میں دروازہ نہ لگوائیں۔ اس طرح آپ کے پاس ایک فعال اور بصری کھلا راستہ موجودہو گا اور آپ گھر میں دیواریں بنوانے والے مقصد کو الوداع کہہ دیں گے

مستقل دیواروں کو بنوائے بغیر گھر کے منفرد حصوں کی تقسیم سے آپ واقف ہوچکے ہیں ۔چنانچہ اب تیار ہو جائیں اپنے گھر کی زبردست تبدیلی کے لیے۔

تازہ ترین