• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا ماروی میمن سیاسی وابستگی تبدیل کرنے والی ہیں؟سیاسی حلقوں میں بحث

کیا ماروی میمن سیاسی وابستگی تبدیل کرنے والی ہیں؟سیاسی حلقوں میں بحث

اسلام آباد (فاروق اقدس /نامہ نگار خصوصی) بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرپرسن ماروی میمن جو اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے وزیر مملکت کا عہدہ رکھتی ہیں کیا موجودہ سیاسی صورتحال میں وہ اپنی سیاسی وابستگی تبدیل کرنے والی ہیں۔ یہ موضوع وفاقی دارالحکومت کے سیاسی حلقوں میں زیر بحث ہے۔ ہر چند کہ وہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ق) ، پاکستان پیپلزپارٹی میں بھی رہ چکی ہیں ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’’واہ لیڈر شپ واہ‘‘ غلطی اور گناہ کسی اور کا۔ سزا کسی اور کو۔ جرم پر اکسانے والوں کا بھی حساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ ہر جرم پراکسانے والا بھی ساتھ ہوتا ہے۔ اُن کا حساب پہلے ہونا چاہئے۔ اُنہیں پہلےبے نقاب کرنا چاہئے۔ سیاست انسان عزت کے لیے کرتا ہے۔ کوئی اس بات کو پسند نہیں کرتا کہ پہلے اس کوساتھ لیا جائے پھر بے عزتی کی جائے۔ گو کہ اُن کی سیاسی وابستگی تبدیل کرنے کا حوالہ اُن کا سیاسی پس منظر بھی ایک وجہ ہے لیکن موجودہ ٹوئیٹ کی عبارت میں ڈھکے، چھپے اشاروں نے اسے موضوع بحث بنادیا ہے ۔اس لئے بھی ناقدین اور سیاسی حلقے اس کے مختلف مفاہیم نکال رہے ہیں اور استفسار کیا جارہا ہے کہ مذکورہ بالا ٹوئٹ کے کردار کون سے ہیں۔ پھر گزشتہ روز ہی اسحاق ڈار نے ڈالر کی قدر میں اضافے پر مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔

تازہ ترین