• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی تعلیمی ادارہ جات کینٹ گریژن کے اساتذہ 3ماہ سے تنخواہوں سے محروم

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) وفاقی تعلیمی ادارہ جات کینٹ گیریژن راولپنڈی کے نئے اساتذہ اور دیگر سٹاف 3ماہ سے تنخواہ سے محروم‘ بھرتی ہونے والے افراد کی تصدیق شدہ فہرست سی ایم اے کو نہیں بھیجی گئی۔ فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گریژن میں گریڈ ایک سے 14تک مختلف اسامیوں پر بھرتی ہونیوالے2 ہزار سے زائد ملازمین کو تاحال 3 ماہ گزر جانے کے باوجود تنخواہیں نہیں مل سکیں۔ ان اساتذہ اور دیگر اسامیوں پر جنوری میں بھرتیاں کی گئی تھیں۔ اساتذہ‘ اکائونٹینٹ اور کلرکس سمیت مختلف اسامیوں پر ان ملازمین کو جوائننگ تو دے دی گئی تاہم وہ تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ان ملازمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار سی ایم اے راولپنڈی میں تنخواہوں کے حصول کیلئے بل جمع کرائے تاہم ان بلز کو یہ کہہ کر واپس کر دیا گیا کہ اب تک متعلقہ محکمے نے بھرتی ہونے والے ملازمین کی تصدیق شدہ فہرست انہیں نہیں بھیجی‘ نہ ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے آسامیوں کی منظوری کی فہرست دی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کو تنخواہیں جاری نہیں کی جاسکتی۔ عرصہ تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر اساتذہ اور کلیریکل سٹاف میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ اُنہوں نے چیف جسٹس سے بھی نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف جی ای آئی کینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی اور سی ایم اے کے معاملات کے باعث قوم کے معمار پس رہے ہیں۔ سی ایم اے راولپنڈی کینٹ کی وجہ سے معاملہ رکا ہواہے۔
تازہ ترین