• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسٹرکٹ بار کی نوسرباز وکلاء کیخلاف کارروائی، خودساختہ لاء فرم کا مالک گرفتار

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے نوسرباز وکلاء کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑی خود ساختہ لاء فرم کے مالک کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ صدر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی خرم مسعود کیانی کے مطابق پنجاب بار کونسل کی ہدایت پر جعلی اور نوسرباز وکلاء کیخلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں جو محض کالا کوٹ پہن کر لوگوں کو لوٹتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ پولیس فائونڈیشن میں اے آر طاہر ملک ایڈووکیٹ نے ایک بڑے اور شاندار دفتر میں لاء فرم بنا رکھی ہے جہاں اسکے پاس پندرہ سے زائد وکیل بیس تا پچیس ہزار روپے ماہانہ پر ملازم ہیں۔ یہ لاء فرم راولپنڈی اسلام آباد کی عدالتوں میں باقاعدہ پریکٹس کرتی ہے۔ ابتدائی جانچ پڑتال پر فرم کے مالک کی سرگرمیاں مشکوک پائی گئیں۔ صدر بار خرم مسعود کیانی کے مطابق گزشتہ روز بار کے جنرل سیکرٹری راجہ عامر محمود اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس آمد پر طاہر ملک کو روک کر وکالت کا لائسنس مانگا گیا تو ملزم نے اپنی ہی لاء فرم کا خودساختہ لائسنس دیکر چکمہ دینے کی کوشش کی تاہم جب بار کی قیادت مطمئن نہ ہوئی تو ملزم نے اپنی پراڈو گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کی جسے وکلا نے مزاحمت کے بعد ناکام بنا دیا۔ بعدازاں اس جعلی وکیل نے بتایا کہ وہ 2002ء سے لاہور میں وکیل بن کر دکان چلا رہا تھا‘ اُسے یہاں آئے ایک سال ہوا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار نے لیہ کے رہائشی ملزم کیخلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ صدر بار نے کہا کہ جعلی وکلاء کیخلاف گھیرا تنگ کر رکھا ہے‘ بہت جلد مزید بڑے نام سامنے آئینگے۔
تازہ ترین