• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 9سال بعد کرکٹ ،شہر دلہن کی طرح سج گیا

کراچی میں 9سال بعد کرکٹ ،شہر دلہن کی طرح سج گیا

کراچی (عبدالماجد بھٹی؍اسٹاف رپورٹر) شہرقائد کراچی میں بالآخر 9برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ واپس آگئی، شہری پرجوش ،شہر دلہن کی طرح سجادیا گیا،پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کا فائنل آج بروز اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین شام 7بجے کھیلا جائیگا۔سیکورٹی انتظامات سخت اور اسٹیڈیم کا کنٹرول بھی فورسز نے سنبھال لیا ہے، فائنل مقابلے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، فائنل سے ایک گھنٹہ قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں علی ظفر،شہزاد رائے،فرحان سعید،عائمہ بیگ اور اسٹرنگز بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، فائنل کے بعد شاندار آتشبازی بھی کی جائیگی۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم میں مسلسل دوسرا ٹائٹل اپنے نام کریگی۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چھ ٹیموں نے شرکت کی تھی۔دونوں ٹیموں کو مشہور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔ کامران اکمل کی بیٹنگ نے 424رنز بناکر زلمی کو فائنل میں پہچانے میں اہم کردار ادا کیا۔کامران اکمل نے ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بنائی اور تیز ترین نصف سنچری صرف 17گیندوں پر اسکور کی۔جبکہ بولنگ میں وہاب ریاض،عمید آصف، ثمین گل کی بولنگ نمایاں ہے۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میںمحمد حفیظ،لائم ڈائی سن،آندرے فلیچر،حماد اعظم،حسن علی، سعد نسیم ،عماد بٹ ، کرس جارڈن ،ابتسام شیخ،اور محمد اصغر شامل ہیں۔ اسلام آباد کو فائنل میں پہچانے میں نیوزی لینڈ کے لیوک رائٹ کی دھواں دار بیٹنگ کے مرکزی کردار ادا کیا۔لیوک رائٹ نے دس میچوں میں383رنز بنائے ہیں جس میںان کا سب سے زیادہ اسکور94رنز بھی ہے۔اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق ان فٹ ہیں امکان ہیں کہ مصباح کی جگہ فائنل میں کپتانی جے پی ڈومینی کریں گے۔ اسلام آباد میں محمد سمیع،شاداب خان،سیموئیل بدری،آصف علی، حسین طلعت،سیم بلنگ ،اسٹیو فن،فہیم اشرف،سمت پٹیل نمایاں ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فائنل میں دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ 30ہزار تماشائیوں والے نیشنل اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں جبکہ ٹکٹوں کی مانگ میں بدستور اضافہ ہورہا ہے۔یہ گراونڈ دو ورلڈ کپ میچوں کی میزبانی کے بعد پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کررہا ہے۔فائنل کے سلسلے میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کے اہلکار فائنل کے موقع پر اسٹیڈیم اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مامور کیے گئے ہیں۔کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمد نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس پی ایس ایس یو غلام مرتضیٰ تبسم ٹیمز کے چیف سیکیورٹی افسر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی ، ایئر پورٹ، روٹ، پارکنگ ایریا، ہوٹلز اور دیگر تمام مقامات پر 8000پولیس اہلکاربشمول 800سے زائد ایس ایس یو کمانڈوز کے علاوہ دیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار اپنے فرائض انجام دیںگے جبکہ ماہرنشانہ باز بھی مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے حامی اپنی اپنی ٹیموں کی ٹی شرٹ اور یونیفارم پہن کر گھوم رہے ہیںجس سے شہر میں جشن کا سماں ہے، خواتین میں بھی خاصا جوش نظر آرہا ہے، اتوار کو ہونے والے فائنل کی وجہ سے شہر میں ہونے والی کئی تقریبات بھی منسوخ کردی گئی ہے، رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوان خوشی میں سڑکوں پر جشن مناتے رہے، نیشنل اسٹیڈیم کے باہر کے حصوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے، میچ دیکھنے کے لئے کئی اہم شخصیات نے بھی ٹکٹ خرید لئے ہیں، اس گراونڈ میں2009میں آخری بار پاکستان اور سری لنکا کا ٹیسٹ میچ ہوا تھاجس کے اگلے ہی ٹیسٹ کے دوران سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشتگرد حملہ ہوا تھا۔نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام اور تزئین و آرائش تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔دونؤں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2016 میں ہونے والے ایڈیشن میں مدمقابل آئی تھیں جب دونوں راؤنڈ میچوں میں پشاور زلمی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اسی ایڈیشن کے تیسرے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 2017میں ہونے والے ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پشاور زلمی کو دونوں راؤنڈ میچوں میں شکست دی تھی۔ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو پشاور زلمی نے یونائیٹڈ کو 34رنز سے مات دے کر فتح سمیٹی لیکن رواں ایڈیشن کے دوسرے راؤنڈ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 26 رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی مقابلوں میں 4-3 کی برتری حاصل کر لی تھی۔دونوں ٹیمیں اب تک پلے آف مرحلے میں صرف ایک مرتبہ 2016میں آمنے سامنے آئیں جس میں یونائیٹڈ کی ٹیم فاتح رہی تھی اور یہ برتری انہیں فائنل میچ کیلئے بھرپور اعتماد بخشے گی۔ادھر اگر مجموعی طور پر ایونٹ میں کامیاب ترین ٹیم کی بات کی جائے تو پشاور زلمی کو یونائیٹڈ پر برتری حاصل ہے اور انہوں نے اب تک تینوں ایڈیشنز میں مجموعی طور پر 19 فتوحات سمیٹیں ہیں جبکہ اس فہرست میں یونائیٹڈ کی ٹیم 18فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے اور اس لحاظ سے ایونٹ کی تاریخ کی دو بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔فائنل میں علیم ڈار اور شوذب رضا امپائرنگ کریں گےجبکہ محمد انیس میچ ریفری ہوں گے۔ پی ایس ایل فائنل کے لیے شہر کا ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت نیشنل اسٹیڈیم آنے والی 4 اہم سڑکیں عام ٹریفک کے بند ہوں گی۔ کارسازشارع فیصل سے اسٹیڈیم ، لیاقت آباد 10نمبر سے اسٹیڈیم ، ملینیئم مال سے اسٹیڈیم ، نیوٹاؤن سے نیشنل اسٹیڈیم اور نیپا سے جیل چورنگی تک یونیورسٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔ کشمیر روڈ اور نیوایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کےلیے بند ہو گا۔ پارکنگ کیلئے راشدمہناس روڈ سے آنے والے شہری غریب نواز گراؤنڈ، اور ڈالیما میں گاڑیاں پارک کریں گے۔ نیپا سے آنے والے اردو یونیورسٹی اور حکیم سعید گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کریں گے۔ یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے سامنےگراؤنڈ بھی پارکنگ کے لیے مختص ہوگا۔ کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس اور چائنا گراؤنڈ بھی پارکنگ ایریا ہوگا۔ نیوایم اےجناح روڈپر میر عثمان پارک میں بھی گاڑیاں پارک کی جاسکیں گی۔ ترجمان وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے الگ الگ خطوط کے ذریعہ صدرممنون حسین، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت کئی اہم شخصیات کوکراچی میں فائنل میچ دیکھنے کے لیے مدعوکیا ہے۔

تازہ ترین