• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائنل، کرکٹ کے متوالوں کیلئے’ جیونیوز‘ اور ’جیو سوپر‘ کی سکسر ٹرانسمیشن

پی ایس ایل فائنل، کرکٹ کے متوالوں کیلئے’ جیونیوز‘ اور ’جیو سوپر‘ کی سکسر ٹرانسمیشن

کراچی (محمد ناصر) 9سال 4 مہینے اور 4 دِن کا سفر بہت ہوگیا، برسوں کا انتظار ختم ہونے والا ہے، روشنیوں کے شہر کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ اتوار سے بحال ہورہی ہے ۔ عالمی کرکٹرز کی پُر جوش انداز میں میزبانی کرنے کیلئے شہر کو دُلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا یہ گرینڈ فنالے دیکھنے کیلئے گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اہم شاہراہوں پر چراغاں اور خیر مقدمی بینرز بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں، شہر میں جگہ جگہ بڑی بڑی اسکرینیں نصب ہوگئی ہیں جو چاند رات کا سماں پیش کررہی ہیں۔ گھڑی کی سوئی اور کرکٹ کے متوالوں کی دھڑکنوں کا اسپیڈومیٹر ایک نظر آرہا ہے، کرکٹ کے محاذ پر ٹرافی کی جنگ کا کلائیمکس آن پہنچا ہے اور فائنل مقابلہ دیکھنے کیلئے تمام ٹکٹس بھی فروخت ہوگئے ہیں۔ اب سے چند گھنٹوں بعد نیشنل اسٹیڈیم میں سکسرز کے بگولے اُڑیں گے اور بجلی بھرے بلے گولی کی رفتار سے چوکے اور چھکے اُگلیں گے۔ پی ایس ایل اور کرکٹ کے متوالوں کا جنون اور دلچسپی دیکھتے ہوئے پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ اور اسپورٹس چینل ’جیو سوپر‘نے پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کیلئے خصوصی ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا ہے جس کے تحت رپورٹرز کی سب سے بڑی ٹیم سب سے بڑی نشریات میں میدان کے اندر اور میدان کے باہر سے عوام کوکرکٹ میچ کے ہر لمحے سے با خبر رکھے گی۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے باہر لگے رونق میلے کا جوش و جذبہ بھی ناظرین کے سامنے لایا جائے گا اور پوری دُنیا کو دکھایا جائے گا کہ کراچی کی عوام کس طرح کرکٹ کو ویلکم کررہی ہے۔ بچے ہوں یا بڑے، بزرگ ہوں یا خواتین کرکٹ سے محبت کرنے والوں کی رائے کو خصوصی اہمیت دی جائے گی جبکہ پُر جوش شائقین سے بھی اُن کے تبصرے لئے جائیں گے۔ نیوز بلیٹنز میں بھی اس بڑے ایونٹ کی خصوصی کوریج ہوگی۔ میچ سے قبل اور بعد میں خصوصی اسپورٹس شو میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر ،سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور کرکٹ کے سکندر سکندر بخت اپنے تجربات کی روشنی میں اہم تجزیئے اور تبصرے پیش کریں گے۔ کس ٹیم کو ملے گی جیت، کس کے سر پہ سجے گا تاج، مصباح کا تجربہ بولے گا یا سیمی کی چالاکیاں رنگ لائیں گی، لال پیلے ٹکرائیں گے تو کس طرح دیوانے مسکرائیں گے، کون کس کے چھکے چھڑائے گا اور ٹرافی کون لیکر جائے گا؟۔ پی ایس ایل کے میلے میں طنز و مزاح کا تڑکا لگانے کیلئے ”خبرناک“ کا خصوصی شو بھی پیش کیا جائے گا جس میں تنقیدی خاکے بھی کرکٹ میچ کا مزہ دوبالا کریں گے۔ علی میر اور عائشہ جہانزیب کی میزبانی میں ”خبرناک “ کا دلچسپ شو شب 11 بجکر5منٹ پر براہ راست نشر ہوگا۔ اس کے علاوہ جیونیوز کی ویب سائٹ پر بھی کرکٹ کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال پیش کی جائے گی۔ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب سے اختتامی لمحات تک ”جیوسوپر“ کی اسکرین بھی سب سے بڑے معرکے کی ہر بال سے اپنے ناظرین کو محظوظ کرے گی۔

تازہ ترین