• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یورپی ممالک میں ہفتے سے ’ای کال سسٹم ‘نافذ ہوجائے گا

یورپی یونین میں 31مارچ 2018سے 112ای کال ایمرجنسی سسٹم جسے ای کال کا نام دیا گیا ہے، نافذ کردیا جائے گا، یہ تمام نئی اقسام کی مسافر کاروں اور لائٹ ڈیوٹی گاڑیوں کے لیے لازمی ہوجائے گا۔

اس سسٹم پر کام کا آغاز 2015 میں یورپین کمیشن کی جانب سے شروع کیا گیا تھا اور اس کے لیے یورپی یونین نے قانون بھی منظور کیا ۔

اس نئے نظام کے مطابق اب کسی بھی سڑک پر حادثے کے نتیجے میں ای کال سسٹم خودکار طور پر یورپ کے واحد ایمرجنسی نمبر 112ڈائل کرے گا اور یورپ کے سیٹلائٹ نیوی گیشن سسٹم ، گلیلیو کو استعمال کرکے گاڑی کے حادثے کا مقام ایمرجنسی سروس کو فراہم کرےگا۔

یہ ای کال نظام غیرخودکار یا مینول طور پر بھی کام کرے گا لیکن اس صورت میں یہ صرف ضروری اطلاعات فراہم کرےگا تاہم ڈیٹا کو محفوظ یا ریکارڈ نہیں کرسکے گا۔

اس سے قبل یورپی کمیشن نے مینوفیکچررز کی جانب سے تیار کردہ اس ای کال سلوشن کا جوائنٹ ریسرچ سینٹر میں آزمائشی معائنہ کیا تھا اور اس حوالے سے جنوری 2018میں اپروول سینٹرز کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا تھا۔

ایک اندازے کے مطابق ای کال نظام کے نفاذ سے دوردراز کے دیہاتی علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کے حصول میں 50فیصد تک وقت کی بچت ہوگی جبکہ شہر ی اور ترقی یافتہ علاقو ں میںوقت کی یہ بچت 60فیصد تک ہوگی اور اس کے نتیجے میں ہرسال سینکڑوں لوگوں کی نہ صرف جانیں بچائی جاسکیں گی بلکہ زخمیوں کو بھی فوری طبی امداد میسر آسکے گا۔

واضح رہے کہ 2016میں یورپی یونین کی سڑکوں پر 25ہزار 500افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور ایک لاکھ 35ہزار افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اس صورتحال کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ لوگوں کی جانیں بچانے اور ایک محفوظ یورپ کی تعمیر کے لیے یورپی کمیشن اس وقت روڈ سیفٹی کے ایک نئے منصوبے پر کام کررہاہے، امید ہے کہ یہ منصوبہ اس سال کے آخر تک پیش کردیا جائے۔

تازہ ترین