• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریک انصاف کا طلال چوہدری کے نام خط

پاکستان تحریک انصاف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے نام خط لکھا ہے جس میں جڑانوالہ میں سیکیورٹی اور پولیس کی جانب سے مجرمانہ غفلت پر استفسارکیا گیا ہے۔

خط تحریک انصاف کی سینئر رہنما عندلیب عباس کی جانب سے لکھا گیا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ پاناما کیس میں پیشیوں کے موقع پر شریف خاندان کے پروٹوکول اور سیکیورٹی پر عوام کے پیسے سے 21اعشاریہ 8کروڑ روپے خرچ کیے گئے،وزیر مملکت برائے داخلہ ہونے کے ناتے آپ سے زیادہ کون جان سکتا ہے کہ نیب میں شریف خاندان کی پیشیوں پر کتنے اخراجات اٹھ رہے ہیں؟

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ بطور ایک پاکستانی شہری آئین مجھے یہ حق دیتا ہے کہ میں آپ سے پوچھوں کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 2017ء -2018ءکے مالی سال میں پنجاب پولیس کو 95اعشاریہ 597ارب کو بجٹ دیا گیا، دستیاب حقائق کے مطابق اسی سال میں پنجاب میں جرائم کی شرح میں واضح اضافہ ہوا،کیا آپ بتائیں گے کہ جرائم تو کم ہونے کے بجائے زیادہ ہوئے، آخر پولیس نے یہ پیسے کہاں خرچ کیے؟

پی ٹی آئی نے پوچھا ہے کہ جڑانوالا میں 10 دن کے اندر تین معصوم بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، اس سے قبل ایک طالبہ بھی اسی قسم کے جرم کی بھینٹ چڑھی،کیا آپ بتائیں گے کہ ایلیٹ ڈولفن اور دیگر فورسز کہاں ہیں جن پر ٹیکس دہندگان کے اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں؟

عندلیب عباس نے پوچھا ہے کہ جڑانوالا میں حادثے، بلا ڈان نامی شخص کو ان جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے،اس شخص کی آپ کے ساتھ اور دیگر نون لیگی رہنماؤں کے ساتھ تصویریں موجود ہیں،کیا آپ بتائیں گے کہ یہ شخص ابھی تک گرفتار کیوں نہیں ہوا اور آپ کے ساتھ اس کے کیا تعلقات ہیں؟

آپ کے اپنے حلقے میں بچیوں کے ساتھ زیادتی اور ان کے قتل ہو رہے ہیں جبکہ آپ ایک نااہل وزیر اعظم کی بیٹی کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہیں،کیا آپ اس بات کی وضاحت کریں گے کہ ایک ایسی ایسی شخصیت جن کے پاس کوئی عوامی عہدہ بھی نہیں ہے، ان کے اوپر ناجائز طور پر ٹیکس دہندگان کا پیسہ کیوں خرچ کیا جا رہا ہے،بطور وزیرمملکت داخلہ آپ نہ صرف اپنے فرائض کو ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ آپ کے تعلقات زیادتی اور قتل کے مرتکب جرائم پیشہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔

تحریک انصاف کی سینئر رہنما نے مزید کہا ہے کہ اگر آپ مندرجہ بالا تمام سوالات کے جواب دینے میں ناکام رہے تو ہم چیف جسٹس سے درخواست کریں گے کہ جڑانوالہ واقعے پر سوموٹو ایکشن لیا جائے، براہ کرم اگلے 3 تا 10 یوم کے اندر تمام مطلوبہ اور مصدقہ معلومات فرہم کی جائیں۔

تازہ ترین