• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی

بھارتی وزارت دفاع کی ویب چینی ہیکرز کے قبضے میں

بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ ہیکر ز کے قبضے میں چلی گئی ، حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ کی بحالی کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی ہے ،جس کے ہوم پیج پرچینی رسم الخط میں کچھ تحریرہے، جس کا مطلب ممکنہ طور پر ’ہوم‘ ہوسکتا ہے ۔

بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی وزارت کی ویب سائٹ ہیک ہونے کی تصدیق کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاملہ حل کرنے کے لئے ضروری کارروائی کی جارہی ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ یہ عمل مستقبل میں نہ دہرایا جاسکے۔


بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کی ویب سائٹ کو چینی ہیکرز نے ہیک کیا ہے۔

بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر ’ایرر‘ کے ساتھ صارف کو کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کرنے کےلئے کہا گیا ہے ۔

بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق نیشنل انفارمیٹک سینٹر جو ویب سائٹ کی دیکھ بھال اور اس کی اپ ڈیشن پر مامور ہے، وہ ویب سائٹ کی ریکوری کے لئے سرگرم ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ جلد از جلد اسے بحال کیا جاسکے۔

رات گئے انڈین سائبر سیکورٹی چیف نے دعویٰ کیا کہ کسی بھی وزارت کی ویب سائٹ ہیک نہیں ہوئی،ویب سائٹ کچھ ہارڈ وئیر کے مسائل کے باعث بیٹھ گئی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انڈین سائبر چیف نے کسی بھی نوعیت کے سائبر اٹیک کو افواہ قرار دیا ہے۔

تازہ ترین