• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قندوز میں حفاظ کی شہادتیں، کراچی کے حفاظ کا انوکھا احتجاج

قندوز میں حفاظ کی شہادتیں، کراچی کے حفاظ کا انوکھا احتجاج

افغانستان کے شہر قندوز میں دینی مدرسے پر افغان فورسز کی بمباری سے معصوم حفاظ کرام کی شہادت کے خلاف کراچی میں دینی مدرسوں کے حفاظ نے شارع فیصل پر قرآن پاک کی تلاوت کرکے انوکھا احتجاج کیا۔

کئی دینی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف دینی مدرسوں کے کم سن طلباء ہفتے کی سہ پہر اچانک شارع فیصل پر کارساز کے قریب پہنچے، طلبہ نے عوامی مرکز سے کارساز تک فٹ پاتھ پر دریاں بچھا کر طویل قطار میں بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت شروع کردی۔


بیشتر طلباء نے اپنی پیشانیوں پر سرخ پٹیاں باندھ کر مختلف عبارتیں تحریر کر رکھی تھیں، دینی مدرسہ عثمان بن عفان رضی کے طالب علموں نے شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے، بعض طلباء نے پلے کارڈز کے ساتھ ساتھ پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا اور افغانستان فورسز کے خلاف نعرے درج تھے۔

بہت سے طلباء کی قرات سے شارع فیصل پر سماء بندھ گیا، کئی معصوم بچیاں بھی اس پرامن اور انوکھے احتجاج میں شریک تھیں، شارع فیصل پر انوکھا احتجاج دیکھنے کیلئے  گاڑیوں میں سوار افراد بھی رکتے رہے جس سے ٹریفک معمولی متاثر ہوا تاہم ٹریفک رواں رکھنے کے لیے پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی تھی۔

قندوز میں حفاظ کی شہادتیں، کراچی کے حفاظ کا انوکھا احتجاج

احتجاج کرنے والے طلباء بعدازاں اذان مغرب سے قبل پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

قندوز میں حفاظ کی شہادتیں، کراچی کے حفاظ کا انوکھا احتجاج

یاد رہے کہ افغانستان کے علاقے قندوز میں چند روز قبل 150 کے قریب معصوم حفاظ کرام کیلئے دستار بندی کی تقریب رکھی گئی تھی جس پر افغان فورسز کے ہیلی کاپٹر نے میزائل برسادئیے۔

حملے میں 200 کے قریب افراد شہید ہوگئے جن میں اکثریت معصوم حفاظ کی ہے جبکہ حملے میں علماء کرام اور عام شہری بھی شہید ہوئے۔

تازہ ترین