• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعہ کے روز سری نگر سمیت پورے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے، جن میں شرکا کی طرف سے شوپیاں میں 20کشمیریوں کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، ریلیوں کے شرکا اور مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھنےکا پرعزم اظہار کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ تحریک آزادی کشمیر جو آج اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہے اس کی آبیاری برہان مظفر وانی شہید کے جوان خون سے ہوئی۔ وہ دن اور آج کا دن اس تحریک میں تیزی، تندی اور گرمجوشی ہی دکھائی دے رہی ہے۔ اسے کچلنے کے لئے قابض بھارتی افواج نے بربریت کی انتہا کردی۔ بستیوں کی بستیاں اجاڑ دیں، جنازوں پرفائرنگ کر کے مزید لاشے گرائے، عصمتوں کی پامالی کی داستانیں بھی سامنے آئیں اور پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے ہزاروں کشمیری معذور بھی ہوئے، بھارت اگر ہوش کے ناخن لے تو یہ تحریک اسے باور کرانے کو کافی ہے کہ عزم، حوصلے اور نظریات بندوقوں سے شکار نہیں کئے جاسکتے، ایسا ممکن ہوتا تو بھارت کشمیریوں کی تحریک کو کب کا ختم کر چکا ہوتا۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ دنیا جن تبدیلیوں کی زد میں ہے، اس میں کوئی چھوٹی سی بھی غلطی عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔اس لئے اقوام متحدہ بھی اب اپنی مجرمانہ خامشی توڑے اور کشمیر و فلسطین ایسے مسائل کے حل کے لئے آگے آئے ۔حکومت پاکستان کو چاہئے کہ اقوام متحدہ، اسلامی تعاون کی تنظیم اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں میں یہ مسئلہ اٹھائے اور عالمی رائے عامہ کو متحرک کرنے کے لئے سفارتی مہم تیز کرے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین