• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی زبان کو مزیداہمیت دینے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر وسیمہ

قومی زبان کو مزیداہمیت دینے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر وسیمہ

معروف ماہر تعلیم اور ائر یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ سوشل سائنسز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر وسیمہ شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سرکاری سطح پر جتنا کام ہورہا ہے اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ۔

ٹوکیو میں نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں ڈاکٹر وسیمہ شہزاد نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں قومی زبان میں اعلی تعلیم فراہم کی جارہی ہے، ان ممالک میں جرمنی ،جاپان سمیت کئی اہم ممالک شامل ہیں ۔

قومی زبان کو مزیداہمیت دینے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر وسیمہ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامی ممالک میں سعودی عرب میں بھی عربی زبان میں تقریبا تمام ہی مضامین کے تراجم کرائے جاچکے ہیں جبکہ پاکستان میں أردو کو قومی زبان قرار تو دیا جاچکا ہے تاہم اب بھی انگریزی کو ہی مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

ڈاکٹر وسیمہ شہزاد نے مزیدکہا کہ میں نے حکومت کو قومی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کئی اہم پروپوزل پیش کیے ہیں، جن پر عمل درآمد سے نہ صرف أردو زبان کو مرکزیت حاصل ہوگی بلکہ پاکستان میں قومی یگا نکت میں بھی اضافہ ہوگا ۔

ان کا کہناتھاکہ ہمیں پاکستانی عوام میں أونر شپ پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر طالب علم اور ہر شہری پاکستان کو اپنی ملکیت سمجھے ، اس کو صاف ستھرا رکھے ، جس دن ہم اپنی عوام میں یہ جذبہ پیدا کرنے میں کامیاب ہوگئے اس دن ترقی یافتہ پاکستان وجود میں آجائے گا ۔

ڈاکٹر وسیمہ شہزاد نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس جاپانی قوم سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے ،جس میں سب سے اہم ایک قوم کا تصور ہے، ہر جاپانی اپنے آپ کو جاپانی کہتا ہے ہم نے کبھی اوساکا کا شہری یا ٹوکیو کا شہری یا ناگویا کا شہری نہیں سنا بلکہ ہر شخص اپنے آپ کو جاپانی شہری ہی کہتا ہے، جو بڑی کامیابی ہے اور ترقی یا راز ہے۔

قومی زبان کو مزیداہمیت دینے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر وسیمہ

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان میں بھی صرف پاکستانی شہری پیدا کرنے ہیں، جس کے لیے زبان کی بہت اہمیت ہے ہمارے ہاں اٹھاوریں ترمیم کے بعد تعلیم کی ذمہ داری بھی صوبوں کو منتقل ہوگئی ہے، تعلیم کا کنٹرول مرکز میں رہے تو زیادہ بہتر ہے تاکہ پورے ملک میں ایک ہی زبان رائج کرنے اور ایک ہی طریقہ تعلیم کا اطلاق کیا جاسکے ۔

ڈاکٹر وسیمہ شہزاد ایک ہفتے کے دورے پر جاپان آئیں تھیں جہاں انھوں نے ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی اور خصوصی مقالہ بھی پیش کیا جس کا عنوان تعلیمی معیار کو جانچنے کا طریقہ کار تھا ،کانفرنس میں پاکستانی مقالے کو بہترین مقالہ قرار دیا گیا ہے ۔

ڈاکٹر وسیمہ شہزار نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی دعوت پر ناگویا میں بھی کچھ دن گزارے اور کئی مقامات جن میں ہیروشیما اور کیوتو کے علمی دورے بھی کیے ۔

تازہ ترین