• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں: وزیراعظم

چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے، وزیر اعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز (آہنی بھائی) ہیں، دونوں ملک دنیا کو امن کے نئے راستے پر لے جا رہے ہیں۔

چین میں جاری باؤ فورم سے خطاب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ عالمی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے، شی جن پنگ کو دوبارہ چین کا صدر بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، والہانہ مہمان نوازی پرچینی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی شرح 10سال کی بلند ترین سطح پر ہے، ایک خطہ ایک سڑک منصوبے نے عالمی معیشت کو بدل کر رکھ دیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، گوادر بندرگاہ کی تکمیل سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ تاریخ میں پاکستان چین دوستی کی مثال نہیں ملتی، ہر طرح سے ہم آئرن برادرزہیں، ہماری دوستی خطے کے اسٹریٹجیک استحکام میں تیزی کیلئے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کوریڈور کے جنوبی حصے میں قائم گوادر بندرگاہ پرکام تیزی سے جاری ہے، تکمیل کے بعدیہ بندرگاہ نہ صرف ٹرانزٹ کیلئے استعمال ہوگی بلکہ ایک اقتصادی مرکز کا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نےبتایا کہ 2050ء میں پاکستان دنیا کی 15ویں بڑی معیشت ہوگا، اقتصادی ترقی اور خوشحالی امن اور برداشت کو فروغ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سالانہ 6فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے جو دہائی میں سب سے زیادہ ہے، ہماری کیپیٹل مارکیٹس،فرنٹیئرایمرجنگ مارکیٹ اسٹینڈرڈزسے اپ گریڈ ہورہی ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان نے کہا کہ امید ہے ہماری ترقی شرح عالمی اوسط سے آگے بڑھ جائےگی اور 2050ءتک ہم دنیا کی 15ویں معیشت بن جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھےیقین ہےکہ امن و استحکام کیلئے ضروری ہے کہ کاروبار منافع بخش بنا کر، مشترکہ ترقی سے برداشت کو فروغ اور انتہاپسندی کو روکا جا سکتا ہے،اقتصادی ترقی اور خوشحالی امن اور برداشت کو فروغ دیتی ہے۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے شاندار مواقع پیش کر رہاہے۔

خطاب کے اختتام پروزیراعظم نےایک چینی کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئےکہاکہ پتھر ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا ہے، میں چین کی اس کہاوت سے اپنی تقریر ختم کروں گا کہ پہاڑ ہلانے سے پہلے پتھر ہٹانا ہوتے ہیں اور ان پتھروں کے ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا ہے۔

تازہ ترین