• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاک بھارت سیریز،آئی سی سی بھارتی حکومت کو منائےگی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ریونیو میں کمی کا حل تلاش کر لیا ہے جس کے بعد اس نے ہر سال پاکستان اور بھارت کی مستقل کرکٹ سیریز کی سنجیدہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔

آئی سی سی نے اس کوشش کیلئے کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقل بنیادوں پر سیریز کے انعقاد کو عملی جامہ پہنائے گی،یہ سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلی جائے گی جس کے بہترین مقامات شارجہ اور دبئی ہوں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ نیوٹرل مقام پر سیریز کیلئے رضا مندی ظاہر کردی ہے لیکن اس سیریزکو اپنی حکومت کی منظوری سے مشروط کیا ہے،حکومتی منظوری کی شرط پر بھارتی بورڈ پہلے بھی رضا مندی ظاہر کر چکا ہے لیکن اس مرتبہ آئی سی سی نے خود اس معاملے میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مسئلےکے حل کیلئے آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن اور آئی سی سی کے چیئر مین ششانک منوہر بھارتی وزرات داخلہ کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور مودی سرکار کو اس سیریز کے عدم انعقاد سے آئی سی سی کو پہنچنے والے مالی نقصان سے آگاہ کریں گے۔

پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے صرف آئی سی سی کو پانچ ارب ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے،آئی سی سی کے ایونٹ میں صرف ایک میچ سے ریکارڈ آمدنی حاصل ہو تی ہے اس بات کا اندازہ گزشتہ سال ہونے والی چمپئنز ٹرافی کے میچوں سے لگایا جاسکتا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو مرتبہ مد مقابل آئیں اور آئی سی سی کو28ملین ڈالرز کا منافع دیا۔

منافع میں کمی کے خوف میں مبتلا آئی سی سی پہلے ہی پاک بھارت کرکٹ تنازعات کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے چکی ہے جس کے چیئر مین مائیکل بیلوف ہیں جبکہ اراکین میں جان پالسن اور اینا بیلی بینٹ شامل ہیں۔

تازہ ترین