• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی میں صحت کے اگلے مالی سال کا خاکہ تیار

کے پی میں صحت کے اگلے مالی سال کا خاکہ تیار

خیبرپختونخوا میں صحت کے اگلے مالی سال کے لئے 9 ارب 25 کروڑ روپے پر مشتمل ترقیاتی منصوبوں کا خاکہ تیارکرلیا گیا ہے جس کے تحت کوئی نیا بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا جبکہ صحت انصاف کارڈ کے منصوبے کو مستقل طورپرجاری بجٹ کا حصہ بنانے کی تجویزدی گئی ہے۔

دوسری جانب متعدد ایسےمنصوبے ایک بارپھربجٹ کا حصہ ہوں گے جوگزشتہ سالوں میں بھی بجٹ کا حصہ رہے لیکن مکمل نہ کئے جاسکے۔

محکمہ صحت کی جانب سے محکمہ ترقی ومنصوبہ بندی کو بھیجے گئے اگلے سال کے لئےمنصوبوں کے اس خاکے کے تحت سال 19-2018 کے ترقیاتی بجٹ کے لئے 9 ارب 25 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔

اگلے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں نیا منصوبہ شامل نہیں کیا جارہا بلکہ جاری منصوبوں کے لئے ہی رقوم مختص کی جارہی ہیں ۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس حوالے سے پالیسی مرتب کی ہے کہ جو بھی بڑا منصوبہ شروع کرنا ہو وہ آنے والی حکومت کرے۔

نئے بجٹ میں جن منصوبوں کے لئے رقوم مختص کی جارہی ہیں ان کی تعداد 67 ہے جن پر 8 ارب 3 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

جھلسے ہوئے مریضوں کے لئے برن اینڈ ٹراما سینٹر کا قیام اوردماغی ونفسیاتی مریضوں کے لئے حیات آباد میں فاؤنٹین ہاؤس کا قیام بھی منصوبوں میں شامل ہے۔

نئے بجٹ میں 14 بنیادی مراکز صحت کو دیہی مراکز صحت کے طورپراپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے جبکہ 39 لیڈی ہیلتھ ورکرز اورکمیونٹی ہیلتھ ورکرز کو بھرتی کرنا بھی بجٹ میں شامل ہوگا۔

تازہ ترین