مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ معصوم آصفہ کے ساتھ ہونے والے لرزہ خیز واقعے کے حقائق سامنے آنے پر مقبوضہ عوام کے ساتھ ساتھ بھارتی فنکار بھی سراپا احتجاج ہیں، مودی حکومت سے مجرموں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، سنجےدت، پرینیتی چوپڑا، انوشکا شرما اور دیگر اداکاروں نے بھی آصفہ پر ڈھائے گئے ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔
اس کے علاوہ فرحان اختر، سونم کپور،انوکشا شرما، جاوید اختر، شیرش کندر ،ریتیش دیشمکھ سمیت دیگر بالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے سوشل میڈیا پر عوام سے درخواست کی کہ وہ بھی آصفہ کے لئے انصاف کا مطالبہ کریں۔
بالی وڈ اسٹارسنجے دت نے کہا کہ میری ہمدردیاں آصفہ کے خاندان کے ساتھ ہیں اور میں یہ قبول کرنے کے لیے بالکل بھی تیار نہیں ہوں کہ واقعی ہم نے یہ سب ہونے کی اجازت دی لیکن اب انصاف ہونا چاہیے۔
پریانکا چوپڑا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آصفہ کی طرح اور کتنے بچے مذہب اور سیاست کے نام پر قربان کیے جائیں گے؟میں بہت شرمندہ ہوں اور یہ وقت سخت ایکشن لینے کا ہے اور ہم آصفہ اور انسانیت کے مقروض ہیں۔
آٹھ سالہ آصفہ کے ساتھ زیادتی اور قتل کا شرمناک واقعہ مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کے ساتھ روا بدترین بھارتی مظالم کا ایک اور ثبوت ہے ، مسلمانوں سےعلاقہ خالی کرانے کے لیے معصوم بچی کو جس بربریت کا نشانہ بنایا گیا اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔
بچی کے قتل پر مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تو پولیس نے ملزم سنجی رام اس کے بیٹے اور پولیس اہل کاروں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔