• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے پاکستانی علاقے پر حملہ، ایف سی کے 2 جوان شہید، 5 زخمی

افغانستان سے پاکستانی علاقے پر حملہ، ایف سی کے 2 جوان شہید، 5 زخمی

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز؍جنگ نیوز) افغانستان سے پاکستان کے علاقے کرم ایجنسی پر حملے کے نتیجے میں 2ایف سی جوان شہید اور 5زخمی ہوگئے۔ پاکستان نے افغانستان سے واقعہ پر احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرم ایجنسی میں ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے پر سرحد پار افغانستان سے فائرنگ کی گئی۔ ایف سی کے نوجوان پاک افغان سرحد کے ساتھ معمول کے گشت پر تھے جو وہاں پر مختلف راستوں کی نشاندہی اور ان علاقوں میں باڑ لگانے کے لئے ضروری تیاریوں میں مصروف تھے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ سے دو ایف سی اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔ بیان کے مطابق پاکستانی افواج زیادہ سے زیادہ احتیاط کر رہی ہے تاکہ کسی افغان سویلین کی ہلاکت کے واقعہ سے بچا جا سکے جبکہ فوج کی جانب سے صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ پر تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ دوسری جانب بنوں میں چیک پو سٹ کے قریب ایف سی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیاگیا جس کے نتیجے میں 3اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں میں میرعلی کچوری چیک پو سٹ کے قریب ایف سی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ہوا ہے جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔دہشت گردی کے واقعہ میں تین اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو کنٹونمنٹ ملٹری اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔

تازہ ترین