• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دبئی میں پہلے ڈیجیٹل کرنسی بینک کا آغاز

دبئی کلچر اینڈ آرٹ اتھارٹی نے فن وثقافت کے لیے جدید ترین بلاک چین پاورڈ ڈیجیٹل بنک کا آغاز کیا ہے یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہوگا جہاں جدید ٹیکنالوجی کو اس طرح استعمال کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بلاک چین ٹیکنالوجی سے مراد انٹر نیٹ کے ذریعے سے تیار کیا گیاایسا ڈیجیٹل کھاتا ہوتا ہے جس میں ردوبدل ناممکن ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں ہرقسم کے کاروباری و مالی لین دین اور استعمال ہونے والی ہرشے کی قدروقیمت اور معاملات کا ریکارڈ ہوتا ہے۔

بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آرٹ ورک کی تجارت میں سہولت کاری کے لیے آرٹ بینک کریپٹو کرنسی کو استعمال کرکے دبئی کو دنیا کے فنون کا مرکز بنائے گی۔

یہ پروجیکٹ دبئی 10ایکس اقدامات کا حصہ ہیں جس کا مقصد دبئی حکومت کے اداروں کو باقی دنیا سے ہر شعبے میں دس برس آگے لے جانا ہے۔دبئی کلچر اینڈ آرٹ اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سعید النبودا نے اس حوالے سے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ آرٹ ٹیکنالوجی کےشعبے میں اس طرح آغاز کریں کہ جہاں فنون اور ٹیکنالوجی کو یکجا کیا جائے اور جلد ہی ہمیں اندازہ ہوگیا کہ اس سلسلے میں فنانس اور ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

انھوں نے مزیدکہا کہ آرٹ بینک کے ذریعے ہم موثر انداز میں تخلیقی کاموں کے لیے دنیا کی پہلی ڈیجیٹل کریپٹو کرنسی کا آغاز کررہے ہیں۔

یہا ں مقامی فنون پر مبنی معیشت میںکافی مواقع دستیاب نہیں تھے، بالخصوص فنکاروں کو مخصوص ماحول اور پالیسیاں میسر نہیں تھیں جس کے ذریعے وہ اپنی تخلیق کو شیئر کرتے اور اس کی وجہ یہ تھی کہ یہاں ایک غیرشفاف اور اکثروبیشتر دولت مندوں کی مارکیٹ تھی اور آرٹ انڈسٹری دولت مند طبقےتک محدود تھی۔

اب اس پہلی ڈیجیٹل کرنسی بینک کے آغاز سے وقت گزرنے کے ساتھ فائدہ پہنچے گا اور دبئی کی معیشت بھی فروغ پائے گی۔

انھوں نے کہا کہ آرٹ ڈیجیٹل کرنسی بینک، عالمی اور علاقائی آرٹ کا ڈیٹا بیس کو بھی اس میں شامل کرے گا جہاں مصنوعی ذہانت اس کے استعمال کنندگا ن کو اس حوالے سے تلاش اور ملاپ میں معاونت فراہم کرے گا۔

جبکہ اس کے نفاذ کے مرحلے میں معروف بینکوں، سرمایہ کاری کے اداروں اور اسمارٹ سلوشن فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ متعدد شراکت داریوں کے مواقع بھی نکلیں گے۔

تازہ ترین