• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سینئر کا کمرہ دینے پر یونس خان بھڑک گئے

سابق پاکستانی لیجنڈ اور مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کمرے کے تنازع پرپی سی بی کوچنگ کورس چھوڑ کر واپس کراچی روانہ ہو گئے۔

پی سی بی کے زیر اہتمام لیول 3 کوچنگ کورس شروع کیا جا رہا ہے جس میں یونس خان کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم یونس کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے لیے مختص کمرے کا انتظام نہ ہونے پر انہیں کسی اور کے کمرے میں ٹھہرا دیا گیا جو مبینہ طور پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مدثر نذر کا کمرہ تھا۔

یونس کو پی سی بی کا یہ رویہ پسند نہ آیا اور انہوں نے کوچنگ کورس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کراچی واپس جانے کا اعلان کردیا۔

ایک ویڈیو پیغام میں یونس خان نے کہا کہ مجھے نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے ایک ای میل آئی جس میں کہا گیا کہ ہمارے لیے بہت اعزاز کی بات ہو گی اگر آپ یہاں آ کرکوچنگ کورس میں شرکت کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب یہاں آیا تو مجھے سینئر مینجمنٹ کے رکن کے کمرے میں ٹھہرا دیا گیا اور ان کی غیر موجودگی میں مجھے کہا گیا کہ آپ آج رات یہاں ٹھہریں اور کل صورتحال کا جائزہ لے کر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

یونس نے بتایا کہ میں یہ کورس چھوڑ کر جا رہا ہوں کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ مجھے کسی ایسی جگہ رہنا چاہیے جہاں مجھے کسی اور کا کمرہ دیا گیا ہو اور مذکورہ شخص کو اس بات کا علم بھی نہ ہوتاہم سینئر رکن کے علم میں لائے بغیر ان کے کمرے میں نہیں رہ سکتا کیونکہ یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہو گا۔

تازہ ترین