• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
قومی کرکٹ ٹیم میں چار اوپنر شامل کرکے فواد کا راستہ روکا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے حیران کن طور پر آئر لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم میں چار اوپنرز کو شامل کرکے تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت کا راستہ بند کردیا۔ دورۂ برطانیہ کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کرتے وقت چار ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جو پہلی بار ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔ آن پیپر پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن کمزور دکھائی دے رہی ہے دنیا کی مشکل ترین کنڈیشن میں نوجوان کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، سعد علی اور فہیم اشرف پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عثمان صلاح الدین نے بھی کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا ہے۔ ٹیم میں سب سے زیادہ تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی اور اسد شفیق ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین اظہر علی نے62ٹیسٹ میچوں میں46.62کی اوسط سے5129رنز 14سنچریوں کی مدد سے اسکور کئے ہیں۔32سالہ اسد شفیق نے58ٹیسٹ میچوں میں39.71کی اوسط سے3614رنز گیارہ سنچریوں کی مد د سے بنائے ہیں۔ کپتان سرفراز احمد38 ٹیسٹ میں40.14کی اوسط سے2208 رنز بناچکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے امام الحق کو پاکستان ٹیم میں شامل کرانے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کردار اہم رہا۔ وہ سلیکٹرز کے ساتھ کئی میٹنگز میں امام الحق کو ٹیم میں شامل کرنے پر زور دیتے رہے ۔ اس طرح اظہر علی، سمیع اسلم اور فخر زمان کی موجودگی میں چوتھے اوپنر کو منتخب کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان صلاح الدین گذشتہ کئی دوروں سے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ فواد عالم کا مقابلہ نوجوان سعد علی سے تھا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق ، مکی آرتھر اور سرفراز احمد کا ووٹ سعد علی کے حق میں گیا۔ تاہم اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ امام الحق کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرکے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔22سالہ امام الحق حبیب بینک کی نمائندگی کرتے ہوئے27.75 کی اوسط سے222 جبکہ فواد عالم 145فرسٹ کلاس میچوں میں55.37کی بیٹنگ اوسط سے10742 رنز بنا چکے ہیں۔32سالہ فواد عالم نے سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں 168رنز بنا ئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں قومی کیمپ کے دوران مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے فواد عالم کی بیٹنگ تکنیک اور اسٹانس پر بہت کام کیا ۔ آئر لینڈ اور انگلینڈ کی کنڈیشن میں بیٹنگ مشکل کام ہے لیکن سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ نے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو ٹیم میں منتخب کرکے ایک اور خطرہ مول لیا ہےاس کی ایک وجہ تو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی حالیہ فارم اور دوسری ان کا جارحانہ انداز بھی ہو سکتی ہے۔ انھوں نے فرسٹ کلاس کے 2016-17 کے سیزن میں 51کی اوسط سے 663 رنز بنائے۔ اسی سیزن کے فائنل میچ میں 170 رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے کے اہل ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کہتے ہیں کہ فواد عالم کے حوالے سے کی جانے والی تنقید بلا جواز ہے۔ کسی کھلاڑی کو منتخب نہ کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ اس کا کیر یئر ختم ہوگیا ہے جو کھلاڑی اس بار منتخب نہیں ہوئے انہیں آگے جاکر موقع دیا جائے گا۔ 24 سالہ سعد علی نے گذشتہ سیزن میں 68.35 کی اوسط سے 957 رنز اسکور کیے تھے، جبکہ وہ اب تک اپنے فرسٹ کلاس کریئر 50 میچوں میں 3473 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ان کی 232 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔27سالہ عثمان صلاح الدین دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں ۔انہوں نے99 فرسٹ کلاس میچوں میں 6329 رنز بنائے ہیں ۔ انضمام الحق کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ انگلینڈ میں ہو رہا ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ ہم نے بیٹنگ آرڈر مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ 

تازہ ترین