• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونس خان کرکٹ اکیڈمی میں کمرہ نہ ملنے پر ناراض

   
یونس خان کرکٹ اکیڈمی میں کمرہ نہ ملنے پر ناراض

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم بیٹسمین یونس خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان تعلقات کبھی بہتر نہیں رہے۔ انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کے بعد بھی یونس خان پی سی بی کے معاملات سے ناخوش ہیں۔ تازہ واقعے میں یونس خان کو کوچنگ کورس کے لئے لاہور کی قومی اکیڈمی میں کمرہ نہ مل سکا اور احتجاجاً وہ کورس میں شریک ہوئے بغیر کراچی واپس آگئے۔ اس سے قبل اکتوبر میں یونس خان نے ناراض ہوکر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تقریب میں شرکت اور ایک کروڑ روپے لینے سے انکار کردیا تھا۔ یونس خان نے سوشل میڈیا میں اپنے ویڈیو پیغام میں واقعے کی تفصیلات بیان کیں ہیں۔ ویڈیو پیغام اسی کمرے میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں بورڈ نے انہیں کمرہ شیئر کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ یونس خان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میل ملنے کے بعد لیول تھری کورس کرنے لاہور آئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ کورس میں شرکت کے لئے آیا ہوں لیکن بورڈ کے پاس میرے لئے کمرہ نہیں ہے۔ مجھے سینئر افسر کا کمرہ دیا گیا تھا لیکن میں کسی اورکا کمرہ استعمال نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کمرے کے الماریاں دکھائی ہیں جس میں سامان موجود تھا۔ دریں اثناء قومی کرکٹ اکیڈمی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو لیول 3 کورس کے لیے مدعو کیا تھا۔ وہ ایک دن پہلے آگئے تھےاس لئے یہ مسئلہ پیدا ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ واقعہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ قبل از وقت آنے پر انہیں ڈائریکٹر مدثر نذر کا کمرہ دے دیا گیا جو اس وقت چھٹیوں پر لندن میں ہیں۔ ان سے معذرت بھی کرلی گئی ہے۔ ان سے پچاس ہزار روپے فیس بھی نہیں لی گئی لیکن جب یونس خان سے رابطہ کیا گیا تو وہ ناراض ہوکر کراچی جا چکے تھے۔

تازہ ترین