• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کا محاسبہ کرینگے، شہباز شریف

عوام ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کا محاسبہ کرینگے، شہباز شریف

 لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے کے پی جبکہ دوسری نے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا،عوام ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کا محاسبہ کرینگے، ہمارے سیاسی مخالفین نے کارکردگی کی بجائے گالی کی سیاست کی ہے، ن لیگی حکومت نے 9سال کے قلیل عرصے میں بہاولپور میں 70ارب سے زائد کی خطیررقم ضلع کی تعمیرو ترقی پر صرف کی ، تعلیم،صحت، انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں میں جنوبی پنجاب کوہمیشہ ترجیح دی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارلاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے اور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعلیٰ نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے موسم کی خرابی کے باعث میرا جہاز آج بہاولپورلینڈ نہیں کرسکا۔میر ے بار بار اصرار کے باوجود پائلٹ نے کہا کہ ہم اس موسم میں بہاولپور نہیں جاسکتے۔آج میں نے آپ کے پاس آنا تھا اوراہم باتیں کرنی تھیں، کچھ مشورے آپ سے لینے تھے اور کچھ مشورے آپ کو دینے تھے ۔انشاء اللہ جلد آپ سے بالمشافہ ملاقات کروں گا اورتفصیلی گفتگو ہوگی اوراس مقصد کیلئے میں بہت جلدبہاولپور آؤں گااورپارٹی عہدیداروں اورکارکنوں سے ملاقات کروں گا۔بہاولپور صوبے کی بحالی کے حوالے سے بھی آپ سے مشاورت ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم،صحت، انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں میں جنوبی پنجاب کوہمیشہ ترجیح دی ہے ۔بہاولپورخطہ کے لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو اپنے بھر پوراعتماد سے نوازا ہے اور یہاں کے عوام کی پارٹی سے بھر پور محبت اورچاہت بے مثال ہے۔

تازہ ترین